اراکین اسمبلی پر انتخابی مہم چلانے پر عائد پابندی معطل

عدالت کی جانب سے پابندی ہٹنے کے بعد این اے 122 میں انتخابی مہم چلاؤں گا، عمران خان


ویب ڈیسک September 23, 2015
الیکشن کمیشن نے 16 ستمبر کو منتخب اراکین کے ضمنی انتخابات کے دوران مہم چلانے پر پابندی عائد کی تھی۔ فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پر ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی مہم چلانے پر عائد پابندی معطل کر دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پی پی 147 سے تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے اراکین اسمبلی پر انتخابی مہم چلانے پر عائد پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے منتخب اراکین اسمبلی پر ضمنی انتخابات کی الیکشن مہم چلانے پر پابندی کے 16 ستمبر کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن مہم چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ پارٹی کے سربراہ پر بھی انتخابی مہم چلانے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی تاہم وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزراء کو الیکشن مہم چلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم چلانے پر پابندی الیکشن کمیشن کا غیر جمہوری اقدام تھا، اب پابندی ہٹنے کے بعد این اے 122 میں انتخابی مہم چلاؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں