یہ مزے مزے کے ذائقے گوشت کے کچھ لذیذ پکوان

عیدقرباں پر خواتین اپنے اہل خانہ کے لیے اور دعوتوں میں نت نئی ڈشز تیار کرنے کی فکر میں رہتی ہیں۔


سحرش پرویز September 26, 2015
خواتین چاہتی ہیں کہ نہ صرف کھانے میں بل کہ دیکھنے میں بھی ڈش خوب صورت لگے۔ فوٹو : فائل

عیدقرباں پر خواتین اپنے اہل خانہ کے لیے اور دعوتوں میں نت نئی ڈشز تیار کرنے کی فکر میں رہتی ہیں۔ ہر عورت کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ دعوتوں میں نئی نئی ڈشز کا اہتمام کرے تاکہ کھانے والے اس کی تعریف ضرور کریں۔

خواتین چاہتی ہیں کہ نہ صرف کھانے میں بل کہ دیکھنے میں بھی ڈش خوب صورت لگے۔ اس سلسلے میں ہم آپ کی کچھ مدد کر دیتے ہیں۔ بقرعید کی مناسبت سے گوشت کے کھانوں کی کچھ ترکیبیں پیش ہیں۔ امید ہے آپ کو پسند آئیں گی۔

بھنا بالٹی گوشت
اجزاء:بکرے یا گائے کا گوشت: ایک کلو (بغیر ہڈی کے)، ٹماٹر: دو سے تین عدد، دہی: آدھا کپ، ادرک: ایک انچ ٹکڑا، لہسن: ایک گٹھی (ادرک اور لہسن کا پیسٹ بنالیں)، ہری مرچ: چار سے پانچ عدد، ہرا دھنیا: ایک گٹھی، کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچا، گرم مسالا: آدھا چائے کا چمچا، ہلدی: آدھا چمچا، زیرہ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچا، پانی: دو کپ ، نمک: حسبِ ذائقہ ، تیل: حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک دیگچی میں حسبِ ضرورت تیل لیں اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر اسے بھونیں۔ جب یہ پیسٹ ہلکا گولڈن براؤن ہوجائے تو اس میں گوشت ڈال دیں۔ پھر گوشت کو پانچ منٹ تک بھونیں۔ گوشت بھوننے کے بعد اس میں ہلدی، ٹماٹر اور دہی شامل کرلیں۔ اب اس میں دو کپ پانی ڈالیں اور دیگچی کو ڈھک دیں تاکہ گوشت گل جائے۔ جب گوشت پک جائے پھر اس میں کالی مرچ، زیرہ پاؤڈر اور گرم مسالا ڈالیں اور اسے اچھی طرح مکس کرلیں اور چولہا ہلکی آنچ پر کردیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو پھر اسے ہری مرچ اور ہرے دھنیے کے ساتھ سرو کریں۔

بیف روسٹ
اجزاء: گائے، بکرے کا گوشت: (ثا بت ٹکڑا، بغیر ہڈی) دو کلو، کالی مرچ : دو کھانے کے چمچے، زیرہ پاؤڈر: دو کھا نے کا چمچے، ہری مرچ: (پیس لیں ) دو کھانے کا چمچے ، نمک : حسب ذائقہ، دہی: ایک کپ، گرم مسالا پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچا ، ہلدی: آدھا چمچا ، ثابت دھنیہ پاؤڈر: ایک چمچا، پپیتا: (گوشت گلانے کے لیے ) دو کھانے کے چمچے ، پانی: حسب ضرورت، تیل: آدھی کڑاہی ۔
ترکیب: گوشت کو چھری کی مدد سے کٹ لگالیں، تاکہ مسالا اندر تک رچ بس جائے۔ اب اس میں تمام مصالحے لگا کر چار سے پانچ گھنٹے تک فریج میں رکھ دیں، تاکہ مسالا اور گوشت یکجان ہو جائیں۔ اب ایک بڑی دیگچی میں پانی گرم کریں اور اس دیگچی کے اوپر (چاولوں میں استعمال ہونے والا) چھنا رکھ دیں اور اسی کے اوپر گوشت کا ٹکڑا رکھیں اور اسے ڈھکن سے کور کر دیں۔ جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو ایک الگ سی دیگچی میں تیل گرم کریں اور اس میں گوشت کو دس سے پندرہ منٹ تک ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ بیف روسٹ تیار ہے، اسے گرم گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔

مرچ گوشت
اجزاء:گوشت: آدھا کلو (بغیر ہڈی)، دہی: آدھا کپ، پیاز: دو عدد، ادرک، لہسن: (پیسٹ) ایک ایک کھانے کا چمچا ، کالی مرچ: (پسی ہوئی) ایک چمچا، گرم مسالا: ایک چمچا، کڑی پتہ: چار پتے، ہری مرچ: بارہ سے پندرہ عدد، ثابت لال مرچ: بارہ سے پندرہ عدد، نمک: حسب ذائقہ ، ہرا دھنیہ : ایک گٹھی، لیموں: ایک عدد، پانی: ڈیڑھ کپ، تیل: تین کھانے کے چمچے۔
ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز کو ہلکا گولڈن براؤن کرلیں۔ اب اس میں گوشت، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور نمک شامل کریں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب گوشت گل جائے تو اس میں دہی ڈال دیں۔ اب ایک پین میں تھوڑا سا تیل گرم کریں اور ہری، ثابت لال مرچوں کو ہلکا فرائی کریں اور اسے گوشت میں شامل کردیں۔ اس کے بعد اس میں کالی مرچ، گرم مسالا، ہرا دھنیہ اور لیموں کو رس شامل کریں اور پانچ سے سات منٹ تک ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں۔ لیجیے مرچ گوشت کھانے کے لیے تیار ہے ۔

مٹن کُنّا
اجزاء:گوشت: (بونگ کا) آدھا کلو، سونف: (پسی ہوئی) آدھا چائے کا چمچا، پیاز: دو سے تین عدد (باریک کٹی ہوئی)، جائفل: آدھا چائے کا چمچا، ادرک: آدھا چائے کا چمچا (پسا ہوا)، لہسن: ایک چمچا (پسا ہوا) ، آٹا: دو کھانے کے چمچے، نمک: حسب ذائقہ، لونگ: چار عدد، الائچی: دو عدد، لال مرچ: ڈیڑھ چائے کا چمچا، تیل: آدھا کپ، پانی: تین گلاس۔
ترکیب : ایک دیگچی میں تین گلاس پانی، ایک چمچا پسا ادرک لہسن اور نمک ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ ایک الگ دیگچی میں پیاز کو ہلکا براؤن کرلیں اور اس میں لہسن ادرک کا پیسٹ، لال مرچ اور نمک ڈال کر مسالا اچھی طرح بھون لیں۔ یخنی میں سے گوشت نکال کر وہ بھی مسالے میں شامل کرلیں۔ لانگ، الائچی، جائفل اور سونف پیس کر مسالے میں ملائیں اور بچی ہوئی یخنی میں آٹا گھول کر وہ بھی سالن میں ملا دیں اور دس منٹ تک پکائیں۔ مٹن کُنا کو گرم گرم نان کے ساتھ سرو کریں۔

بھوپالی اچار گوشت
اجزاء:گوشت: ایک کلو، ٹماٹر: تین سے چار عدد، زیرہ : ایک چائے کا چمچا، سونف: ایک چائے کا چمچا ، رائی: ایک چائے کا چمچا، کلونجی: آدھا چائے کا چمچا، پسا دھنیہ: دو کھا نے کے چمچا، دہی: آدھا پاؤ، پیاز: چار عدد بڑے سائز کی (پسی ہوئی)، ادرک لہسن کا پیسٹ : دو چائے کے چمچے، قصوری میتھی: ایک کھانے کا چمچا، ہلدی : آدھا چائے کا چمچا، ہری مرچ: چھے عدد، نمک: ایک چائے کا چمچا، لیموں کا رس: آدھا کپ، گھی: ایک کپ۔
ترکیب: گوشت کو ادرک اور لہسن کے پیسٹ کے ساتھ ابال لیں۔ اب گھی گرم کرکے اس میں پسی ہوئی پیاز شامل کریں۔ پھر اس میں زیرہ، سونف، رائی، کلونجی، نمک، قصوری میتھی، ہلدی ڈال کر بھون لیں۔ اب اس میں ٹماٹر اور گوشت ڈالیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو دہی، ہری مرچ اور لیموں کا رس ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ جب سالن گھی چھوڑ دے تو آخر میں ہرے دھنیے سے گارنش کریں۔ مزے دار بھوپالی اچار گوشت کھانے کے لیے تیار ہے۔

ریشمی کباب
اجزاء: قیمہ: آدھا کلو، پیاز: ایک عدد، ہری مرچ: چھے عدد، ہرا دھنیہ: آدھی گٹھی، پودینہ: آدھی گٹھی، ادرک: ایک چھوٹا ٹکڑا، نمک: ایک چائے کا چمچا، سفید مرچ: آدھا چائے کا چمچا، کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچا، گرم مسالا: ایک چائے کا چمچا، لال مرچ: آدھا چائے کا چمچا، زیرہ (بُھنا ہوا): ایک چائے کا چمچا۔
ترکیب: اوپر دیے گئے تمام اجزاء کو قیمے میں شامل کر کے گرائینڈر میں باریک پیس لیں۔ اس مکسچر کو ایک گھنٹے تک فریج میں میرینیٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر کباب کے مسالے کو سیخوں پر لگائیں اور باربی کیو کریں۔ نان اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔

پشاوری مٹن کڑاہی
اجزاء:گوشت : آدھا کلو، ٹماٹر: تین عدد، تیل: آدھا کپ، دہی: آدھا کپ، دھنیہ: آدھی گٹھی، ہری مرچ: چار سے پانچ عدد، ہلدی: ایک چائے کا چمچا، ادرک: دو چائے کے چمچے، لہسن : ایک چائے کا چمچا، گرم مسالا: آدھا چائے کا چمچا، نمک: حسب ضرورت، لال مرچ: ایک چائے کا چمچا۔
ترکیب: تھوڑے سے پانی میں گوشت کو اتنا پکائیں کہ پانی خشک ہوجائے۔ پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور دہی شامل کریں۔ ہلدی، گرم مسالا، نمک اور لال مرچ ڈال کر مکس کریں۔ ٹماٹر، ہری مرچ اور تھوڑا سا پانی شامل کریں، تاکہ مسالا بن جائے اور اسے ڈھک دیں۔ جب گوشت اچھی طرح سے مسالے میں رچ بس جائے اور تیل اوپر آجائے تو اسی تیل میں گوشت کو تھوڑا سا پکائیں۔ تیا ر ہونے پر ہرے دھنیے اور ہری مرچ کے ساتھ گارنش کریں۔

مٹن بریانی
اجزاء:گوشت:آدھا کلو ، باسمتی چاول: آدھا کلو، لہسن: چار جوئے، دھنیہ پاؤڈر: تین چائے کے چمچے، خشک ناریل: دو چائے کے چمچے، دار چینی : ایک اسٹک، ہری مرچ: تین سے پانچ عدد، لال مرچ: ایک چائے کا چمچا، پیاز: پانچ عدد (بڑے سائز کے)، ادرک: ایک درمیانہ ٹکڑا، لونگ: تین عدد، زیرہ، الائچی: (بھنا ہوا) ایک چائے کا چمچا، دہی: ایک کپ، کڑی پتہ: دو عدد، نمک: حسب ضرورت۔
ترکیب: گوشت کو صاف کرکے درمیانی سائز کی بوٹیاں کاٹ لیں۔ پھر گوشت پر دہی لگا کے چھوڑدیں۔ لونگ، زیرہ، الائچی کو بھون کے پیس لیں۔ ادرک، لہسن، ثابت لال اور ہری مرچ، کھوپرا اور پیاز کو بھی گرائینڈر میں پیس لیں۔ اب دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز کو ہلکا براؤن کرلیں۔ پھر اس میں دہی میں ملایا ہوا گوشت شامل کریں۔ ساتھ ہی باقی مسالے جو گرائینڈ کیے ہوئے ہیں، وہ بھی ڈال دیں اور اسے تب تک پکائیں جب تک گوشت گل نہ جائے۔ گوشت میں پانی ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے، کیوں کہ گوشت دہی کے پانی میں ہی پک جائے گا۔ جب تیل اوپر آجائے تو کری پتہ شامل کریں۔اب ایک دیگچی میں چار گلاس پانی میں نمک ڈال کر چاولوں کو ابال لیں۔ جب چاولوں کی ایک کنی رہ جائے تو اسے اتار لیں اور اس کا پانی پھینک دیں۔

اس کے بعد الگ سی دیگچی میں ایک تہہ چاول اور ایک تہہ گوشت کے قورمے کی لگا لیں۔ پھر تھوڑے سے پانی میں زردہ رنگ ڈال کے چاولوں کے اوپر ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر دم پے رکھ دیں۔ مزے دار مٹن بریانی تیار ہے۔ رائتے اور سلاد کے ساتھ مہمانوں کو پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں