جرمن فٹبال لیگ میں ایک کھلاڑی نے 9 منٹ میں 5 گول کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا

بائرن میونخ کے رابرٹ لیوانڈوسکی نے صرف 3 منٹ اور 19 سیکنڈ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی


یقین نہیں آرہا کہ اس قدر تیزی سے میں نے کیسے گول کرلیئے،رابرٹ لیوانڈوسکی ،فوٹو:اے ایف پی

جرمنی میں ہونے والی فٹ بال لیگ کے میچ میں ایک کھلاڑی نے صرف 9 منٹ میں مسلسل 5 گول کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

یورپ کی بڑی فٹبال لیگز میں سے ایک بنڈس لیگا کے میچ میں مشہور جرمن کلب بائرن میونخ اور وولفس برگ کے درمیان میچ جاری تھا اور جب پہلے ہاف کا اختتام ہوا تو وولفس برگ کو ایک 0-1 کی برتری حاصل تھی تاہم جب دوسرے ہاف کے کھیل کا آغاز ہوا تو بائرن میونخ کے 27 سالہ کھلاڑی رابرٹ لیوانڈوسکی مخالف گول پوسٹ پر ٹوٹ پڑے اور صرف 3 منٹ 19 سیکنڈ میں تیز ترین ہیٹ ٹرک کرڈالی۔ رابرٹ نے صرف اسی پر بس نہیں کیا بلکہ انہوں نے چند منٹ بعد ہی مزید 2 گول داغے اور اس طرح صرف 9 منٹ میں 5 گول کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

اس سے قبل بھی رابرٹ لیوانڈوسکی 2013ء میں چیمپیئن لیگ کے سیمی فائنل میں اپنے سابق کلب کی طرف سے کھیلتے ہوئے ریئل میڈرڈ کیخلاف مسلسل چار گول کرچکے ہیں جس میں ان کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے فتح حاصل ہوئی تھی۔ اپنی شاندار کارکردگی کے حوالے سے رابرٹ کا کہنا تھا کہ انہیں بالکل یقین نہیں آرہا کہ اس قدر تیزی سے کیسے گول کرلیے جب کہ ان کی زندگی کا یادگار میچ ہے وہ اپنی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔

بائرن میونخ کے کوچ گورڈیولیاکا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسا کھیل نہیں دیکھا جس میں 9 منٹ میں 5 گول ہوئے اور شاید وہ ایسا کھیل دوبارہ بھی دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رابرٹ لیوانڈوسکی آنے والے دنوں میں جرمنی اور دنیا کا بہترین کھلاڑی ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں