لاہور 42813افراد نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں لوگوںنے وزیراعلیٰ کیساتھ یک زبان ہوکرقومی ترانہ پڑھااورریکارڈبھارت سے چھین لیا،شہبازشریف


Numainda Express October 21, 2012
لاہور:نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں خواتین پاکستانی پرچم اٹھائے قومی ترانہ پڑھ رہی ہیں ،42813 افراد نے بیک وقت قومی ترانہ پڑھ کر عالمی ریکارڈ بنالیا۔ فوٹو: آئی این پی

نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں 42813 سے زائدافرادنے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈکی ٹیم بھی اس موقع پر موجودتھی۔جس نے بعدازاں نئے عالمی ریکارڈ سے متعلق سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا،ہفتہ کو پنجاب یوتھ فیسٹیول 2012 کے حوالے سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ عظیم الشان تقریب کے دوران ہزاروں افرادنے وزیراعلیٰ پنجاب کیساتھ یک زبان ہوکر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھااورگنیزبک آف ورلڈ ریکارڈمیں عالمی ریکارڈدرج کروایا،اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستان کے پاس تھا۔

اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلیے پنجاب یوتھ فیسٹیول کاانعقاد تاریخی اقدام ہے، اس سے نوجوانوں کواپنی صلاحیتوںکے اظہار کے مواقع مل رہے ہیں، ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اوراگرانہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ ملک وقوم کا نام روشن کرسکتے ہیں، ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ اور کرپشن کے باوجود لوگوںکایہاں اتنی بڑی تعداد میں آنا ثابت کرتاہے کہ وہ ملک سے علی بابا چالیس چوروں کوبھگاکرہی دم لیں گے، یہ پنجاب یوتھ فیسٹیول نہیں بلکہ پاکستان فیسٹیول ہے۔

اس موقع پرگنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے گیریتھ ڈیوز،ان کی ٹیم اور معروف کھلاڑیوں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے خطاب کے دوران ترنم میںگایاکہ''دیا حوصلہ جس نے جینے کا ہم کووہ ایک خوبصورت سا احساس ہو تم جو مٹا نہیں دل سے تم وہ یقیں ہوہمیشہ جو رہتی ہے وہ آس ہو تم،یہ سوچا ہے ہم نے کہ اب زندگی بھرتمہاری محبت کو سجدہ کریںگے''۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب یوتھ فیسٹیول 2012کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا،فضا میں غبارے چھوڑے گئے اور پورا سٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا، وزیراعلیٰ پنجاب کے 9 ڈویژنوں سے15ہزار اتھلیٹس کی مارچ پاسٹ کے دوران کھڑے رہے اور تالیاں بجاکران کی حوصلہ افزائی کرتے رہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے چہرے سے مسرت اورخوشی دیدنی تھی،اس دوران جمناسٹک اورروایتی رقص کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا،ہاکی کے کھلاڑی اولمپیئن ریحان بٹ نے یوتھ فیسٹیول کی مشعل روشن کی۔

دریں اثنا کیڈٹ کالج کلرکہار(چکوال)کے اسپورٹس ڈے اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کودہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور کرپشن جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ قومی سوچ اور تعلیم کے فروغ سے کیا جا سکتاہے،حکمران عیاشیاں بند کر کے قومی خزانے کو تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں، وفاقی حکومت میں اعلیٰ عہدوں پرفائز لوگ مال بنانے میں مصروف ہیں جبکہ پنجاب حکومت پاکستان کوقائدؒ اوراقبالؒ کاملک بنانے کیلیے کوشاں ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی پسماندہ تحصیلوں میں دانش اسکول بنارہے ہیں جو ملک کے اعلی معیاری تعلیمی اداروں سے بھی بہتر اور انگلینڈ کے ایڈن اور ہیرواسکولوں کے ہم پلہ ہیں، 35ہزار ذہین طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلیے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے وظائف دے رہے ہیں، اس سال ذہین طلباء میں 2لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ فروغ تعلیم کیلیے اقدامات اٹھا کر اندھیروں اور پسماندگی سے ملک کوباہرنکالیں گے، پاکستان میں اللہ تعالی نے تمام وسائل مہیاکیے ہیں صرف گورننس اورپختہ عزم کی کمی ہے۔

انھوں نے کیڈٹ کالج کے ذہین طلبا کو لیپ ٹاپ دینے اور کالج کو 4کروڑروپے امدادکااعلان کیا اور پوزیشن لینے والی ٹیموں میں انعامات اور میڈل تقسیم کئے۔ ثنانیوز کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کافیصلہ سرآنکھوں پر، اسے من وعن تسلیم کرتے ہیں، ہم پر جس رقم کے لینے کا الزام ہے اسکے ثبوت لائے جائیں، عدالتی فیصلے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، رقوم کی تقسیم کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، قوم جانتی ہے اصل مجرم کون ہے،صدر زرداری نے 2009 میں آئی بی کو 50 کروڑ دیے ان کابھی حساب ہونا چاہیے۔

12اکتوبر 1999ء کو نوازشریف کی حکومت کیسے ختم کی گئی اورنواز شریف کی پہلی حکومت کو گرانے کیلیے جو لانگ مارچ کیا گیا اس کیلیے پیسے کہاں سے آئے،کوئی سمجھتا ہے کہ کشمیر کو طاقت کے ذریعے حاصل کر سکتا ہے تو اسے یہ خوش فہمی ختم کر دینی چاہیے، جنگ سے دونوں ملکوں میں غربت، بیروزگاری اور تباہی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے ماڈل ٹائون میں سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار مہتاب خان عباسی نے ملاقات کی، ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی بھی ساتھ تھے، ملاقات میں پارٹی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |