امریکا کے بعد برطانیہ میں بھی مسلمان طالب علم مذہبی تفریق کی بھینٹ چڑھ گیا

ہمارے بچے کو مسلمان ہونے کی وجہ سے تفریق کا نشانہ بنایا گیا ہے اس لئے عدالتی چارہ جوئی کریں گے، والدین کا اعلان


ویب ڈیسک September 24, 2015
برطانیہ میں نئے قانون کے تحت تمام اسکولوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بچوں کو دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے سے بچائیں فوٹو: فائل

مغربی ممالک میں انتہا پسندی سے نمٹنے کے نام پر مسلمانوں کو کس قدر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ لندن کے ایک اسکول میں زیر تعلیم مسلمان لڑکے کو صرف اس لئے پولیس کی تفتیش کا سامنا کرنا پڑا کیوںکہ اس نے اپنی جماعت میں گفتگو کے دوران 'ایکو ٹریرسٹ' یعنی ماحولیاتی دہشت گرد کا لفظ استعمال کیا تھا۔

برطانوی اخبارگارڈین میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق لندن کے اسکول میں زیرتعلیم 14 سالہ مسلمان طالب علم نے اپنی جماعت میں دیگر طلبا سے گفتگو کے دوران درختوں میں لوہے کے کیل ٹھونکنے والوں کے لئے ''ایکو ٹیررسٹ'' کا لفظ استعمال کیا تو اسے معلوم نہیں تھا کہ اس کا یہ لفظ اسے بہت بڑی مشکل میں ڈال دے گا۔

اپنے ہم جماعتوں سے گفتگو کے 2 روز بعد دو سرکاری اہلکار اسے اسکول کے ایک علیحدہ جگہ لے گئے جہاں اس سے پوچھ گچھ کی گئی کیونکہ انہیں شبہ تھا کہ کہیں اس بچے کا تعلق یا رابطہ داعش سے تو نہیں۔

اخبار نے اس لڑکے کا بیان نام ظاہر نہیں کیا تاہم اس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں نہیں جانتا تھا کہ یہ سب کیا ہورہا ہے۔ سرکاری اہلکاروں نے کہا کہ سلامتی کے مسائل پیداہوگئے ہیں۔ اسی لیے مجھے کلاس سے الگ کیا گیا ہے اور مجھ سے اسلامک اسٹیٹ کے بارے میں پوچھا جائےگا۔ یہ بہت خوف زدہ کر دینے والی صورت حال تھی، یہ سب کچھ دیکھ کر میرا دل رکا جارہا تھا۔'

برطانوی اخبار گارڈین کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بچے کی جانب سے 'ایکو دہشت گرد' کا لفظ ادا کرنے پے برطانوی تحفظ اطفال کے محکمے سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے پوچھ گچھ کی کیوں کہ انہیں شبہ تھا کہ کہیں اس بچے کا تعلق یا رابطہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے تو نہیں ہے۔

دوسری جانب لڑکے کے والدین نے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں عدالتی چارہ جوئی کریں گے کیوں کہ ان کے بچے کو محض مسلمان ہونے کی وجہ سے تفریق کا نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں منظور ہونے والے ایک نئے قانون کے تحت تمام اسکولوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بچوں کو دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے سے بچائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں