نیب کا علی نواز شاہ کی سزابڑھانے کیلیے اپیل دائر کرنیکا فیصلہ

5سال کی سزا کو 14سال تک اضافے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے، ذرائع

5سال کی سزا کو 14سال تک اضافے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے، ذرائع فوٹو: فائل

نیب نے پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی علی نوازشاہ اوران کے دیگر2 ساتھیوں کی سزا میں اضافے کے لیے اپیل دائر کرنے کافیصلہ کیاہے۔

اس ضمن میں اپیل کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہدموجودہیں، ایک مرحلے پرملزمان کی جانب سے پلی بارگین کی کوشش بھی کی گئی جوسیاسی مفادات کی خاطر واپس لی گئی، یہ نیب کے لیے چیلنج ہے۔ نیب ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ سے ملزمان کی ضمانت میرٹ پر نہیں بلکہ فنی وجوہ کی بنیاد پر ہوئی ہے۔


اس لیے یہ نیب کی کارکردگی پرکسی قسم کا سوالیہ نشان نہیں بلکہ ماتحت احتساب عدالت کے فیصلے کے جائزے کے بعد نیب کی قانونی ٹیم اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ملزمان کی5سال کی سزا کوزیادہ سے زیادہ سزا 14سال تک اضافے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے، سندھ ہائیکورٹ نے21 ستمبرکو پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی علی نوازشاہ سمیت 3 ملزمان کی قید و جرمانے کی سزاؤں پر عملدرآمد معطل کرتے ہوئے 5/5لاکھ روپے زرضمانت کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ فاضل عدالت نے قراردیا کہ اعلی عدالتوں کے ایسے متعدد فیصلے ہیں۔

جن میں معمولی سزائیںمعطل کرکے ملزمان کو ضمانت پر رہاکیاگیا ہے، علی نواز شاہ ان کے کزن خادم علی شاہ اور امتیاز علی شاہ کو لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرینج منصوبے کے لیے زمین مہنگے داموں فروخت کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں احتساب عدالت نے14ستمبر کو 5 سال قید و جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔

ماتحت عدالت نے ملزمان کو 10/10سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل اور اس کے ساتھ ساتھ مالی اداروں سے بھی سہولت کے لیے بھی نااہل قراردیا تھا۔ علی نواز شاہ پی ایس 65 میرپور خاص سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں وہ اس سے قبل وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
Load Next Story