برطانیہ میں 1000 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والی کار تیار

پہلی مرتبہ 1000 میل فی گھنٹہ کا ریکارڈ قائم کرنے والی ’بلڈ ہاؤنڈ‘ کار کی اگلے سال آزمائش متوقع ہے۔


ویب ڈیسک September 25, 2015
اس کار کی ڈیزائننگ اور تیاری میں آٹھ سال کی محنت اور تحقیق شامل ہے اور یہ راکٹ کی قوت کے ذریعے آگے بڑھتی ہے۔ فوٹو: فائل

برطانوی کمپنی نے 1000 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والی دنیا کی پہلی کار کو نمائش کے لئے پیش کردیا ہے۔

بلڈ ہاؤنڈ نامی یہ کار 1997 میں ایک اور برطانوی کار کا 763 میل فی گھنٹے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے بنائی گئی ہے جسے جنوبی افریقہ میں قدیم دریا کے راستے پر قائم ایک خصوصی ٹریک پر دوڑایا جائے گا۔ اگلے سال 15 اکتوبر کو اس کار کی پہلی آزمائش متوقع ہے اور پہلے اسے 800 میل فی گھنٹہ پر دوڑایا جائے گا پھر بتدریج اس کی رفتار بڑھائی جائے گی۔

اس کار کی ڈیزائننگ اور تیاری میں 8 سال کی محنت اور تحقیق شامل ہے اور یہ راکٹ کی قوت کے ذریعے آگے بڑھتی ہے۔ اس میں قوت پہنچانے والے 3 یونٹس اور خصوصی ایئربریکس بھی نصب کیے گئے ہیں۔ اس میں لڑاکا جیٹ طیاروں کے پہیے استعمال کیے ہیں کیونکہ اس تیز رفتار کار میں عام ریسنگ گاڑیون کے پہئے کارآمد ثابت نہیں ہوسکتے۔ کار میں یوروفائٹر کا ٹائفون انجن لگایا گیا ہے اور گاڑی کی قیمت 2 ارب پاکستانی روپے ہے۔ اگر کراچی سے اس کار کے ذریعے سفر کیا جائے تو ایک گھنٹے میں باآسانی لاہور پہنچا جاسکتا ہے۔

بلڈ ہاؤنڈ کار کی تیاری میں 350 چھوٹی بڑی کمپنیوں کی محنت شامل ہے جن میں رائل ائیرفورس سے لے کر ٹیکنالوجی کی جدید کمپنیوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں