منیٰ حادثے کے بعد سے 313 پاکستانی تاحال لاپتا ہیں ڈی جی حج

حادثے میں 7 پاکستانی شہید اور 13 زخمی ہوئے، ڈائریکٹر جنرل حج ابو عاکف

حادثے میں 7 پاکستانی شہید اور 13 زخمی ہوئے، ڈائریکٹر جنرل حج ابو عاکف، فوٹو:فائل

ڈی جی حج کا کہنا ہے منیٰ حادثے میں 7 پاکستانی شہید اور 13 زخمی ہوئے جب کہ 313 پاکستانی اب بھی لاپتا ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل حج ابو عاکف نے بتایا کہ گزشتہ روز منیٰ میں پیش آنے والے واقعے میں 7 پاکستانی حجاج کرام شہید اور 13 زخمی ہوئے۔ ڈی جی حج کے مطابق حادثے کے بعد لاپتا ہونے والوں میں سے 86 افراد کو تلاش کرلیا گیا ہے تاہم 313 پاکستانی اب بھی لاپتا ہے جب کہ اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کرنے لیے سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔


دوسری جانب وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا ہےکہ منیٰ حادثے میں 14 پاکستانی زخمی ہوئے جن میں سے 6 کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ سردار یوسف کےمطابق منیٰ میں جس جگہ افسوسناک حادثہ پیش آیا وہاں پاکستانیوں کی تعداد کم تھی۔

واضح رہےکہ منیٰ میں رمی جمرات کے دوران بھگدڑ مچنے سے 717 حجاج شہید اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
Load Next Story