نائجیریا کا نام پولیو کے لیے مخصوص ممالک کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ

دنیا میں اب صرف پاکستان اور افغانستان ہی رہ گئے ہیں جہاں اب تک پولیو کے پھیلاؤ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے


ویب ڈیسک September 26, 2015
پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک سفر سے قبل انسداد پولیو کی ویکسی نیشن کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔ فوٹو: فائل 

عالمی ادارۂ صحت نے نائجیریا کا نام پولیو کے لیے مخصوص ممالک کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان ہی وہ دو ممالک ہیں جہاں پولیو پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق دنیا میں انسداد پولیو سے متعلق عالمی ادارۂ صحت کی ذیلی کمیٹی عالمی انسدادِ پولیو انیشیئیٹو کے اجلاس میں دنیا بھر میں پولیس کی روک تھام سے متعلق مختلف ممالک کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے گزشتہ ایک برس کے دوران پولیو کا کوئی مریض سامنے نہ آنے پر نائجیریا کو پولیو کے لیے مخصوص ممالک کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔

نائجیریا میں یونیسف کے نمائندے جین گوہ کا کہنا ہے کہ نائجیریا کا نام فہرست سے خارج کرنے کا اعلان ایک اہم سنگِ میل ہے لیکن اگر ہمیں نائجیریا سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنا ہے تو اس کے لیے ہرسطح ہر کوشش کرنی ہوگی۔

پولیو کے لئے مخصوص فہرست سے نائجیریا کے اخراج کے بعد اب اس میں صرف پاکستان اور افغانستان کے نام ہی رہ گئے ہیں جہاں اب تک پولیو کے پھیلاؤ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

واضح رہے کہ پولیو ہی کی وجہ سے پاکستان کے شہریوں کو بیرون ملک سفر سے قبل انسداد پولیو کی ویکسی نیشن کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں