سیکیورٹی خدشات کے باعث آسٹریلیا کا دورہ بنگلا دیش کھٹائی میں پڑ گیا

کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، کرکٹ آسٹریلیا

بنگلا دیش میں آسٹریلوی کھلاڑیوں پر حملہ کیا جاسکتا ہے، جیمز سدرن۔ فوٹو: فائل

آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی ٹیم کو بنگلا دیش نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے متعدد حکومتی ہدایات کے بعد اپنی ٹیم کو بنگلادیش بھیجنے کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دفتر خارجہ کی جانب سے ہدایات ملی ہیں کہ بنگلا دیش میں آسٹریلین ٹیم کے لئے سیکیورٹی خدشات موجود ہیں اور آسٹریلوی کھلاڑیوں پر حملہ کیا جاسکتا ہے لہذا بنگلا دیش کرکٹ بورڈ دورے کے لئے سیکیورٹی پلان پر نظر ثانی کرے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ٹور ہو اور اس کے لئے لائحہ عمل بھی ترتیب دے رہے ہیں لیکن کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔


جیمز سدر لینڈ کا کہنا تھا کہ ٹیم کو بنگلادیش بھیجنے سے پہلے سیکیورٹی صورت حال کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ بھی رکھا جائے گا۔ دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے بہت حیرانی ہوئی ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ آسٹریلین ٹیم کا دورہ بنگلادیش 3 اکتوبر سے وارم اپ میچ کے ذریعے شروع ہونا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچ شیڈول تھے۔ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 2006 میں بنگلادیش میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔
Load Next Story