پہلا ٹی 20 پاکستان کا زمبابوے کو جیت کے لئے 137 رنز کا ہدف

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 35 جب کہ محمد رضوان نے 33 رنز بنائے

عممران خان جونیئر ڈیبیو کر رہے ہیں جب کہ صہیب مقصود اور وہاب ریاض کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فوٹو: فائل

زمبابوے کی پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے خلاف 137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کے لئے 137 رنز کا ہدف دیا ہے۔



ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے پہلے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے مختار احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور 21 رنز کی شراکت قائم کی، احمد شہزاد پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے 17 رنز بنائے، 25 رنز کے مجموعی اسکور پر مختار احمد بھی چلتے بنے انہوں نے 4 رنز بنائے، فٹنس مسائل سے چھٹکارا پاکر ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے والے صہیب مقصود بھی کچھ نہ کرسکے اور 29 رنز کے مجموعی اسکور پر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔


مشکل حالات میں شعیب ملک اور عمر اکمل نے ٹیم کو سہارا دیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت پر 42 رنز بنائے، 71 رنز کے مجموعی اسکور پر عمر اکمل آؤٹ ہوگئے۔ 87 رنز پر شعیب ملک کی صورت میں پاکستان کا 5واں کھلاڑی آؤٹ ہوا۔ اس موقع پر محمد رضوان اور عماد وسیم نے تیز کھیلتے ہوئے اسکور کو 133 رنز تک پہنچایا۔ عماد وسیم 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد شاہد آفریدی بھی صرف 2 رنز ہی بناسکے، اس طرح پاکستان نے مقررہ اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ 136 رنز ٹی 20 فارمیٹ میں زمبابوے کے خلاف پاکستان کا سب سے کم اسکور ہے۔
Load Next Story