سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ن لیگ نے حکمت عملی بنالی

بلدیاتی انتخابات میں ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی، ذرائع (ن) لیگ

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ناراضی کو مذاکرات سے دور کیا جائے گا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

RIYADH:
حکمراں مسلم لیگ نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیلیے سیاسی حکمت عملی طے کرلی ہے جس کے تحت بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا اور ان دونوں جماعتوں کے سیاسی حملوں کا عوامی رابطہ مہم کے دوران بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔


مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ملک کے سیاسی حالات، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی حکمراں لیگ پر تنقید اور سندھ و پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے اور اس پالیسی پر اتفاق کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے علاوہ ضلعی سطح پر بلدیاتی انتخابات میں ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی اور اس کا اختیار صوبائی قیادت کو دے دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمراں مسلم لیگ علاقائی سطح پر اپنی سیاسی پوزیشن کی مناسبت سے عوامی رابطہ مہم چلائے گی، آئندہ ماہ سے انتخابی دفاتر کھول دیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ناراضی کو مذاکرات سے دور کیا جائے گا اور اس حوالے سے وزیراعظم کے دورہ امریکا سے واپسی کے بعد دونوں جماعتوں سے مذاکرات شروع کیے جائیں گے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور ان کو کہا جائے گا کہ وہ دھرنا پالیسی کے بجائے انتخابی اصلاحات کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں آکر حل کریں تاہم اب اسلام آباد میں پی ٹی آئی کو دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حالات خراب کرنے کی صورت میں قانونی آپشنز استعمال ہوں گے ۔
Load Next Story