ماڈل ایان علی کے خلاف حسب روایت فرد جرم عائد نہ ہو سکی

جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے کیس کی سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی ہو گئی


ویب ڈیسک September 28, 2015
ماڈل ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں 24 مرتبہ عدالت میں پیش ہوچکی ہیں. فوٹو: فائل

ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل ایان علی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج صابر سلطان کی عدالت میں پیش ہوئیں۔ کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کے باعث آج بھی مقدمے میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی اور عدالت نے سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کرنے کی سماعت بھی 8 اکتوبر تک ملتوی ہو گئی۔

عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایان علی نے کہا کہ وہ 4 ماہ جیل میں رہیں اور اب بھی ہر تاریخ پر عدالت میں پیش ہورہی ہیں،عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گی، ابھی ان کے خلاف مقدمہ زیر سماعت ہے اس لئے وہ اس پر میڈیا سے بات نہیں کرسکتی لیکن جب بولنا شروع کروں گی تو کئی دن لگ جائیں گے۔

واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو مارچ میں 5 لاکھ امریکی ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا لیکن ساڑھے 6 ماہ گزر جانے کے باوجود ملزمہ کے خلاف چالان پیش نہیں کیا جا سکا۔ ماڈل ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں 24 مرتبہ عدالت میں پیش ہوچکی ہیں اور گزشتہ 6 سماعتوں کے دوران ان پر فرد جرم بھی عائد نہیں کی جا سکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں