سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں داعش کے 2 جنگجو ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں انتہائی مطلوب شدت پسند عقیل امیش بھی شامل ہے، حکام

ہلاک ہونے والوں میں انتہائی مطلوب شدت پسند عقیل امیش بھی شامل ہے، حکام ۔فوٹو:فائل

سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران داعش کے 2 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دارالحکومت ریاض اور مشرقی شہر دمام میں آپریشن کیا جس کے دوران داعش کی ایک بم بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی جب کہ کارروائی کے دوران مزاحمت پر داعش کے 2 اہلکار ہلاک اور 3 کوحراست میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فیصل الغندی کو بھی گرفتار کیا جو ریاض میں داعش کا اہم رکن بتایا جاتا ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں انتہائی مطلوب شدت پسند عقیل امیش بھی شامل ہے۔


سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے افراد کا تعلق داعش کے ایک گروپ سے ہے جو سعودی عرب میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا تھا اور یہی گروپ گزشتہ ماہ اگست میں جنوب مغربی شہر"عسیر" کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں بھی ملوث تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران داعش نے سعودی عرب میں کئی حملے کیئے جن میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے جب کہ حکومت نے داعش کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کررکھا ہے جس کے دوران سینکڑوں ارکان کو حراست میں لیاجاچکا ہے۔
Load Next Story