پاکستانی بیٹسمین کوتاہیوں کا ازالہ کرنے کے لیے تیار

صہیب مقصود کی جگہ تجربہ کار محمد حفیظ کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے


Sports Desk September 29, 2015
بولرز میں وہاب ریاض کی جگہ محمد عرفان کو موقع دینے کا امکان ہے۔ فوٹو : فائل

زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرا اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ منگل کو کھیلا جا رہا ہے، مہمان بیٹسمین پہلے مقابلے کی کوتاہیوں کا ازالہ کرنے کیلیے تیار ہیں، ٹیم نے ٹرافی پر نظریں مرکوز کر لی ہیں،صہیب مقصود کی جگہ تجربہ کار محمد حفیظ کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے، بولرز پر ایک بار پھر انحصار ہوگا، نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم توجہ کا مرکز ہوں گے،محمد عرفان کو بھی میدان میں اتارا جا سکتا ہے، کپتان شاہد آفریدی نے بیٹنگ لائن اپ پر ذمہ داری کا احساس کرنے پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب زمبابوین پلیئرز فتح کے قریب پہنچ کر خالی ہاتھ رہنے کی بیماری سے جان چھڑانے کے خواہاں ہیں،آف اسپنر جان نیمبو کو میدان میں اتارنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ وکٹ ایک بار پھر سلو رہنے کی ہی توقع جبکہ موسم گرم رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو پہلے ٹوئنٹی 20 میں زمبابوے کے خلاف 13 رنز کی فتح سے2 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوچکی،اب ٹیم کی نگاہیں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں۔

جہاں اتوار کو بیٹنگ لائن اپ خاص طور پر ٹاپ آرڈر ناکام رہا وہیں بولرز نے اپنی ذمہ داری بخوبی ادا کی، وہ بیٹسمینوں کے بانسبت زیادہ تیزی سے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوگئے، خاص طور پر عماد وسیم نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، انھوں نے ٹاپ 5 میزبان بیٹسمینوں میں سے چار کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا،اس دوران انھیں باقی بولنگ یونٹ کی مکمل سپورٹ حاصل رہی، کنڈیشنزکو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ عماد کا دوسرے میچ میں بھی اہم کردار ہوگا۔

وہ فیلڈ میں بھی کافی متحرک رہتے ہیں، پرفارمنس کا سلسلہ برقرار رکھنے کی صورت میں وہ پاکستان کی ٹوئنٹی 20 ٹیم کا اہم حصہ بن کر آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں، ان کی پہلے میچ میں پرفارمنس نے زمبابوے کو بھی سوچ بچار پر مجبور کردیا، انھیں کچھ تکنیکی فیصلے کرنے ہیں کہ ایک غیرروایتی لیفٹ آرم اسپنر کا کس طرح سامنا کیا جائے۔ گذشتہ میچ میں مڈل آرڈر اور بولرز نے گرین شرٹس کی لاج رکھ لی، اس لیے ٹاپ آرڈر کو مستحکم کرنے کے لیے محمد حفیظ کی واپسی ہوسکتی ہے، اس صورت میں صہیب کو جگہ خالی کرنا پڑے گی۔

بولرز میں وہاب ریاض کی جگہ محمد عرفان کو موقع دینے کا امکان ہے۔ کپتان شاہد آفریدی نے بیٹسمینوں پر اپنی ذمہ داری کا احساس کرنے اور بڑی اننگز کھیلنے پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب زمبابوے فیلڈ میں بھرپور محنت کا صلہ کامیابی کی صورت میں نہ ملنے پر پریشان ہے، اتوار کو بھی ٹیم نے کافی محنت کی مگر ہدف تک نہیں پہنچ پائی،اسے اچھی کارکردگی کو کامیابی میں بدلنے کی نسخے کی تلاش ہے۔ پلیئنگ الیون میں ردوبدل کا امکان ویسے تو بہت کم ہے تاہم بولنگ اٹیک کو مضبوط کرنے کے لیے پراسپر اتسیا کی جگہ جان نیمبو کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

پہلا میچ جس پچ پر کھیلا گیا وہ توقع سے زیادہ سلو تھی، پیر کو اسکوائر پر پانی کا چھڑکاؤ اور وکٹ پر رولر بھی پھیرا گیا، مگر دوسرے مقابلے کے لیے نئی پچ استعمال ہو گی اور اس کے بھی سلو رہنے کی توقع ہے، بیٹسمینوں کو سنبھل کر کھیلنا ہوگا، موسم گرم رہے گا۔ ہرارے میں عماد وسیم سے قبل محمد حفیظ بھی بہترین بولنگ کر چکے،انھوں نے 2011 میں 10 رنز کے عوض 4 وکٹیں لی تھیں، یہاں پر پہلی اننگز کا اوسط اسکور 158 ہے۔ چھامو چھیبابا سے زیادہ اس گراؤنڈ پر کوئی بھی ٹوئنٹی 20 میں زیادہ رنز نہیں بناسکا، انھوں نے 40.33 کی اوسط سے دس اننگز میں 255 رنز اسکور کیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |