لاہور میں میرا مقابلہ ایاز صادق سے نہیں نواز شریف سے ہے عمران خان

ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور کرپٹ نظام سے نجات کی جد وجہد کر رہا ہوں، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک September 30, 2015
الیکشن کمیشن میں تبدیلی لائے بغیر ملکی سیاسی نظام میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی، عمران خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ این اے 122 میں میرا مقابلہ ایاز صادق سے نہیں بلکہ نواز شریف سے ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات کی طرح دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، 3 وکٹیں گرنے پر کیوں کہا تھا کہ عوامی عدالت میں جائیں گے، ڈر ہے کہ کہیں لاہور کے حلقے سے بھی بھاگ نہ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں میرا مقابلہ ایاز صادق سے نہیں بلکہ نواز شریف سے ہے، جب عوام سمجھتے ہیں کہ سویلین حکومت ٹھیک کام نہیں کر رہی تو پھر وہ فوج کی جانب دیکھتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چائنہ اکانامک کوریڈور کے روٹ سے بلوچستان میں انتشار بڑھ رہا ہے، چھوٹے صوبوں میں پنجاب کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ میں بڑے پیمانے پر فراڈ ہوا، نندی پور پاور پراجیکٹ کا آڈٹ عالمی بینک سے ہونا چاہیئے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لاہور کے لوگوں کو جگانے کے لئے آیا ہوں، این اے 122 کی انتخابی مہم خود چلاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کو جب شکست کا ڈر ہو تو اپنے آراوز کے پیچھے چھپ جاتی ہے، (ن) لیگ اپنے امپائرز کے ساتھ ضمنی الیکشن لڑنا چاہتی ہے لیکن امپائر ان کے ہوں گے اور این اے 122 سے تحریک انصاف ہی جیتے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام غلطیوں کی نشاندہی کرنا ہے اور میرا سوال ہے کہ جب 53 ہزارغلطیاں ہوئیں تو کون پکڑا گیا اور کس کو سزا ہوئی؟، کوئی بھی اس لئے نہیں پکڑا گیا کیوں کہ سب نے مل کر دھاندلی کی۔ انھوں نے کہا کہ 2 نمبر لوگ پیسہ لگا کر اسمبلی میں آتے ہیں تاکہ پیسا بنا سکیں۔ ضمنی انتخابات کے دوران فوج اور رینجرز کی تعیناتی پر چیف الیکشن کمشنر کا شکر گزار ہوں۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو فیڈر تھما کر لیڈر بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری شارٹ کٹ مار کر پارٹی چئیرمین بن گئے تاہم ان کے چئیرمین بننے سے بھی پارٹی کو کوئی فرق نہں پڑا۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ ایک طرف سندھ کی رائل فیملی ہے تو دوسری طرف تخت پنجاب، دونوں مل کر ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور کرپٹ نظام سے نجات کی جد وجہد کر رہا ہوں، الیکشن کمیشن میں تبدیلی لائے بغیر ملکی سیاسی نظام میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں