پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ بحال کی جائے وسیم اکرم کی بھارتی وزیراعظم سے اپیل

مجھے یقین ہے کی بھارتی وزیراعظم بھارتی ٹیم کو دورے کی اجازت دے دیں گے، سابق مایہ ناز آل راونڈر

مجھے یقین ہے کی بھارتی وزیراعظم بھارتی ٹیم کو دورے کی اجازت دے دیں گے، وسیم اکرم ۔ فوٹو: فائل

سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کرکٹ بحال کی جائے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق مایہ ناز آل راونڈر اور پاکستان سپر لیگ کے سفیر وسیم اکرم نے ایک انٹریو میں کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ کرکٹ کا بائیکاٹ ختم کردینا چاہیے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ کرکٹ بورڈ کو پاکستان سے طے شدہ سیریز کھیلنے پر آمادہ کریں کیوں کہ دو طرفہ سیریز نہ ہونے سے دنیا بھر کے شائقین اچھی کرکٹ دیکھنے سے محروم ہورہے ہیں۔


وسیم اکر م کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ میچز کا نہ ہونا دراصل خود کرکٹ کے لیے نقصان دہ ہے جب کہ بھارت کرکٹ میں سپر پاور ہے اس لیے ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ دنیا کے دوسرے ممالک کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرے اور جہاں ضرورت ہو وہاں دیگر ٹیموں کی ترقی میں بھی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کی بھارتی وزیراعظم بھارتی ٹیم کو دورے کی اجازت دے دیں گے۔

واضح رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلی جانی تھی جس کی تصدیق بھارتی بورڈ کی جانب سے اب تک نہیں ہوسکی جب کہ دونوں ممالک کے درمیان آخری سیریز ٹی ٹوئنٹی کی 2012 میں ہوئی تھی۔
Load Next Story