ماڈل کالونیفائرنگ سے ہلاک3افراد سپرد خاک کردیے گئے

نامعلوم افراد کی ہنگامہ آرائی،فائرنگ اور گاڑیوں پر پتھرائو سے ٹریفک معطل،کاروباری مراکز بند

نامعلوم افراد کی ہنگامہ آرائی،فائرنگ اور گاڑیوں پر پتھرائو سے ٹریفک معطل،کاروباری مراکز بند, فائل فوٹو

KARACHI:
ماڈل کالونی میں اتوار کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے2سگے بھائیوں سمیت3افراد کی نماز جنازہ پیر کو ادا کی گئی، اس موقع پر نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی، گاڑیوں پر پتھرائو کرکے ٹریفک معطل کرادیا جس سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی، ہنگامہ آرائی کے باعث علاقے کے دکانیں و کاروباری مراکز بند ہوگئے جبکہ مکینوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔


پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا، تفصیلات کے مطابق اتوار کو ماڈل کالونی میں ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ریحان عرف ڈینجر ہلاک ہوگیا تھا جبکہ اتوار ہی کی شب نامعلوم کار سوار 3 افراد کی لاشیں پھینک کر فرار ہوگئے تھے جن میں ایک شخص خوش قسمتی سے زندہ نکلا، مرنے والے2افراد کی شناخت توصیف اور عمران جبکہ زخمی کی شناخت احمد علی کے نام سے ہوئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ توصیف اور ریحان سگے بھائی اور جرائم پیشہ تھے، ان کیخلاف ماڈل کالونی اور کھوکھراپار تھانے میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی و رہزنی سمیت متعدد الزامات کے تحت مقدمات درج تھے،

تینوں افراد کی نماز جنازہ پیر کو ماڈل کالونی لاسی پاڑہ میں ادا کی گئی، بعدازاں ماڈل کالونی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، اس موقع پر نامعلوم افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی اور گاڑیوں پر پتھرائو کیا، ہنگامہ آرائی کے باعث علاقے میں دکانیں و کاروباری مراکز بند ہوگئے، علاقہ ایس ایچ اوز کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثا نے مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
Load Next Story