وزارت پانی وبجلی نے نیپرا رپورٹ سے متعلق اعداد وشمار طلب کرلیے

وزارت پانی وبجلی نے خط میں کہا کہغلط بلنگ کے اعدادو شمار اور70 فیصد میٹرز کو خراب قرار دینے کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے

اعدادوشمار رپورٹ پر مزید کارروائی کے لیے درکار ہیں، وزارت پانی وبجلی- فوٹو: فائل

وزارت پانی وبجلی نے صارفین کو اضافی بل بھیجنے سے متعلق نیپرا کی رپورٹ کے بارے میں اعدادوشمار طلب کرلیے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت پانی وبجلی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو خط لکھا ہے جس میں صارفین کو اضافی بل بھیجنے اور بجلی کے شارٹ فال کو جعلی قرار دینے سے متعلق نیپرا کی سالانہ رپورٹ کے بارے میں اعدادو شمار مانگے گئے ہیں۔ وزارت پانی وبجلی نے خط میں مطالبہ کیا کہ غلط بلنگ کے اعدادو شمار دیے جائیں اور 70 فیصد میٹرز کو خراب قرار دینے کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے جب کہ نیپرا ٹیم کے ارکان، انکی اہلیت، سروے کے علاقوں اور میٹرز کی تعداد بھی بتائی جائے۔


وزارت پانی وبجلی نے خط میں سروے میں تعاون کرنے والے ڈسکوز کے اسٹاف کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے خط کا جلد سے جلد جواب دینے کی درخواست بھی کی جب کہ خط میں ان کا موقف تھا کہ وزارت کو یہ اعدادوشمار رپورٹ پر مزید کارروائی کے لیے درکار ہیں۔

واضح رہے نیپرا نے بجلی کی طلب اور پیداوار کے درمیان شارٹ فال کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال اور لوڈ شیڈنگ جان بوجھ کر کی جاتی رہی ہے اور بجلی کا نیا میٹر سسٹم بھی ناکارہ ہے اور 70 فیصد صارفین کو درست بل نہیں دیئے جاتے۔
Load Next Story