ستارے کیا دیکھتے ہیں

چھوٹے پردے کے فن کاروں کے پسندیدہ ٹیلی ویژن پروگرام


Nadia Fatima Rizvi October 21, 2012
نیہا مردا نے کہا کہ وہ ’’بالکا بدھو‘‘ کی کوئی بھی قسط دیکھنا نہیں بھولتی۔ فوٹو: فائل

چھوٹی اسکرین پر ڈراما سیریلز، سوپس اور ریالٹی شوز کا گویا طوفان آیا ہوا ہے۔

جب کہ شوبز شخصیات سے متعلق خبروں کو چٹ پٹے اور مسالے دار انداز میں ناظرین تک پہنچانے کے رجحان نے بھی ہر عمر کے افراد کی توجہ حاصل کی ہے۔ ہندوستان میں نشر ہونے والے تفریحی پروگراموں نے خصوصاً خواتین کے گرد ایسا طلسمی جال بنا ہے، جس سے رہائی خود انھیں بھی گوارا نہیں۔

آپ کی دل چسپی کے لیے ہم نے ٹیلی وڈ کے فن کاروں سے ان کے پسندیدہ پروگراموں کی بابت پوچھا۔ اس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔

حنا خان

ٹیلی ورلڈ کی اس باصلاحیت اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس نے این ڈی ٹی وی کے ڈرامے ''جیوتی'' کی تقریباً تمام اقساط دیکھی ہیں۔ یہ اس کا فیورٹ ڈراما تھا جب کہ سونی انٹرٹینمینٹ کے ''لیڈیز اسپیشل'' کو ایک بہترین شو قرار دیتی ہے۔ اداکارہ ٹیلی ویژن چینل اسٹار ون اور کلرز کی باقاعدہ ناظر ہے اور ان پر نشر کیے جانے والے مختلف پروگرام شوق سے دیکھتی ہے۔ ہندوستانی ٹی وی چینلوں پر ان دنوں ریالٹی شوز کی بھرمار ہے اور اب تو ڈراموں سے زیادہ ناظرین ٹاک شوز، ڈانس اور گلوکاری پر مبنی مقابلوں میں زیادہ دل چسپی لینے لگے ہیں۔ اداکارہ کو ریالٹی شو ''خطروں کے کھلاڑی'' کا بھی پسند ہے، اپنے پسندیدہ کامیڈی شو سے متعلق سوال پر اس نے ''سارا بھائی بمقابلہ سارا بھائی'' کے حق میں ووٹ دیا۔

سکریتی کھنڈپال

یہ اداکارہ ڈراما سیریل ''اگلے جنم موہے بٹیا ہی کیجو'' میں اپنے ایک کیریکٹر کی وجہ سے گویا راتوں رات شہرت کے آسمان پر جا پہنچی۔ سکریتی بلاشبہہ ایک باصلاحیت فن کارہ ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مصروفیات میں سے تھوڑا وقت بھی نکالنے میں کام یاب ہو جاتی تھی تو ریالٹی شو ''خطروں کے کھلاڑی'' ضرور دیکھتی تھی۔ اسٹار موویز اس کا پسندیدہ چینل ہے۔ وہ اسے تفریح کا بہترین ذریعہ قرار دیتی ہے اور اس کی باقاعدہ ناظر ہے۔ اداکارہ کے مطابق بگ باس اپنے فارمیٹ کے باعث اسے نہایت پسند ہے۔ مزاحیہ شوز کے بارے میں اس نے بتایا کہ کامیڈی سرکس ایک ایسا پروگرام ہے، جسے دیکھنے سے طبیعت ہشاش بشاش ہوجاتی ہے۔ اس کا خیال ہے کہ ایسا شان دار کامیڈی شو کسی ہندوستانی چینل پر اب تک پیش نہیں کیا گیا۔

دھیرج دھوپر

یہ اداکار ڈراما سیریل''بدائی'' اور ''یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے'' کو زبردست مانتا ہے۔ وہ ان کا باقاعدہ ناظر رہا، لیکن چند اقساط مصروفیات کی نذر بھی ہوئیں۔ اداکار کے مطابق ٹی وی چینل اسٹار ون اور کلرز نہایت معیاری پروگرام پیش کر رہے ہیں اور وہ فرصت کے لمحات میں انھیں انجوائے کرتا ہے۔ دوسرے فن کاروں کی طرح وہ بھی ریالٹی شو ''خطروں کے کھلاڑی'' کا مداح ہے۔ اس بابت وہ مزید کہتا ہے کہ مہم جوئی اور تجسس سے بھرپور پروگرام اس کی توجہ ضرور حاصل کرتے ہیں، لیکن ہر پروگرام کا فارمیٹ اتنا جان دار نہیں ہوتا جیسا کہ اس ریالٹی شو کا ہے۔

اویناش سچدیو

اداکار کے مطابق وہ اپنی مصروفیات کے باعث ٹی وی چینلز کی روزانہ نشریات دیکھنے سے محروم ہے، لیکن کبھی اُسے فرصت مل جائے تو ڈسکوری چینل دیکھتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس ٹی وی چینل کے پروگرامز معلوماتی اور دل چسپی سے بھرپور ہوتے ہیں اور یہ ڈیلی سوپس و دیگر تفریحی پروگراموں کے مقابلے میں زیادہ صحت مند سرگرمی ہے۔ انٹرٹینمینٹ چینلز کی بابت بات کرتے ہوئے اس نے کہا کہ معیاری پروگرامز نشر کرنے والے چینلز میں اُسے صرف سونی ٹی وی ہی بھاتا ہے۔ مزاحیہ پروگراموں میں اسے ''آفس آفس'' بہت پسند آیا جب کہ کامیڈی سرکس اس کا فیورٹ شو ہے۔

سچیتا تری ویدی

ڈیلی سوپ ''اگلے جنم موہے بٹیا ہی کیجو'' کی کوئی قسط نہ چھوڑنے والی یہ اداکارہ اسٹار پلس کو معیاری ٹی وی چینل قرار دیتی ہے۔ وہ اس ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے پروگرام بہت شو ق سے دیکھتی ہے۔ ریالٹی شوز میں اسے ''آپ کی کچہری'' بہت پسند تھا جب کہ با، بہو اور بے بی اس کا فیورٹ شو ہے۔ تاہم ان دنوں وہ ٹی وی پر غیر معیاری پروگرامز کی بھرمار سے خفا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اب کمرشیل ازم کا دور ہے، جس کا برا اثر ہماری ثقافت اور روایات پر پڑا ہے، کیوں کہ چینلز ہر قسم کا پروگرام نشر کرنے پر تیار ہو جاتے ہیں۔

اطہر حبیب

ڈراما سیریل ''یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے'' سے شہرت پانے والا یہ فن کار اسی شو کو اپنا فیورٹ بتاتا ہے۔ اس نے خود ستایشی اور خوشامد کا دامن تھامتے ہوئے کہا کہ ٹیلی ویژن چینلوں پر جاری دیگر ڈراموں میں اُسے کوئی خاص بات اور انفرادیت محسوس نہیں ہوتی۔ اسی لیے وہ کوئی بھی شو دیکھنا پسند نہیں کرتا۔ اداکار کو اسٹار پلس اور ڈسکوری چینل دیکھنا پسند ہے۔ ریالٹی شوز کا ذکر آیا تو اس نے انڈین لافٹر چیلنج کو بہترین شو قرار دیا جب کہ مزاحیہ پروگرام آفس آفس کی بھی تعریف کی۔

نیہا مردا

عمدہ کردار نبھانے کے باعث چھوٹے پردے کی کام یاب اداکارہ نیہا مردا بتاتی ہے کہ وہ ''بالکا بدھو'' کی کوئی بھی قسط دیکھنا نہیں بھولتی اور یہ صرف اسی لیے نہیں ہے کہ وہ خود بھی اس میں کام کرتی رہی ہے بلکہ اس کے نزدیک یہ کہانی دوسرے روایتی ڈراموں سے مختلف اور جان دار ہے اور اس شو میں اداکارہ کے کام کرنے کی وجہ بھی اس کا اسکرپٹ ہی تھا، جو اسے بہت پسند آیا تھا۔ وہ جن چینلوں کے پروگرام باقاعدگی سے دیکھتی ہے ان میں چینل اسٹار پلس اور کلرز شامل ہیں جب کہ ڈسکوری اور اینیمل پلانٹ اس کے خیال میں نہایت مفید اور معلوماتی پروگرام پیش کررہے ہیں جنھیں وقت ملنے پر وہ ضرور دیکھتی ہے۔ ریالٹی شوز میں انڈین آئیڈیل، سارے گا ما پا اور جھلک دکھلاجا اس کے پسندیدہ ہیں۔ تفریح کے لیے اس کے نزدیک زبردست پروگرام کامیڈی سرکس تھا۔

ابھیشک راوت

اداکار اپنی ٹیلی ویژن مصروفیات کے باعث باقاعدگی سے کسی بھی چینل کی نشریات نہیں دیکھ پاتا، لیکن اسے جب بھی موقع ملتا وہ ''اگلے جنم موہے بٹیا ہی کیجو'' بہت شوق سے دیکھتا تھا۔

سواتی آنند

اگرچہ اسے ٹی وی دیکھنے کا وقت بہت کم ملتا ہے، لیکن جب بھی وہ اسکرین کے سامنے بیٹھتی تو اس کی ترجیح زی ٹی وی پر دکھایا جانے والا ڈراما پوتر رشتہ ہوتا تھا جس کی بڑی وجہ شاید یہی رہی کہ وہ خود اس ڈیلی سوپ کا حصہ ہے۔ اسٹار موویز اور اینیمل پلانٹ کو وہ اپنے پسندیدہ چینل قرار دیتی ہے جب کہ کامیڈی سرکس اس کا فیورٹ شو ہے اور ریالٹی شوز میں اسے سا رے گا ما بہت پسند ہے۔

موہت ملہوترا

اداکار کے مطابق بالکابدھو ایک کام یاب ڈیلی سوپ ہے جسے وہ باقاعدگی سے دیکھتا ہے۔ ٹی وی چینلوں میں اسٹار پلس کے پروگرام اس کے خیال میں نہایت معیاری ہیں اور اسی لیے ناظرین کی توجہ کا مرکز بھی ہیں۔ اس نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ اسٹار پلس ہی وہ چینل ہے جس کی نشریات وہ باقاعدگی سے دیکھتا ہے کیوں کہ اس پر ایک شو ''متوا'' دکھایا جارہا ہے جس میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔ مزاحیہ پروگراموں کا ذکر آیا تو معلوم ہوا کہ وہ کامیڈی سرکس اور لافٹر چیلنج کا دیوانہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں