چینل نیوز

اسٹار پلس کے مشہور ڈرامے’’اس پیار کو کیا نام دوں‘‘ کا مقبول ترین کردار آکاش سنگھ اپنے پرستاروں کو چھوڑ کر جا رہا ہے


October 21, 2012
چھوٹے پردے کے باصلاحیت اداکار راجیو کھنڈیل وال اور اداکارہ ثناء شیخ بولی وڈ کی طرف ایک ساتھ قدم بڑھا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

''رام لیلا'' کی کاسٹ فائنل ہو گئی

ٹی وی چینل 'لائف اوکے' کا نیا ڈراما رام لیلا میں کردار ادا کرنے کے لیے چھوٹی اسکرین کے اداکاروں کے نام فائنل ہو چکے ہیں۔ یہ ہندو دھرم کے ماننے والوں کے لیے نئی کہانی نہیں ہے۔ اس وقت بھی رام اور راون پر مبنی شوز ٹیلی ویژن کے دیگر چینلوں پر دکھائے جا رہے ہیں۔ یہ بھی ایسی ہی کہانی ہے جیسا کہ اس کے نام سے بھی ظاہر ہے۔ اس سلسلے میں فن کاروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے بعد شوٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خوش بو گریوال کاکئیی کا کیریکٹر ادا کریں گی جو رام کی جلا وطنی کا باعث بنتی ہے جب کہ بولی وڈ ایکٹر رنجیش دُگل رام کے کیریکٹر کے لیے فائنل ہوئے ہیں۔ اداکارہ رچا پلوڈ نے سیتا کا روپ دھارا ہے اور امن ورما اس میں راون بنے ہیں۔ امید ہے کہ یہ شو 21 اکتوبر سے نشریات کا حصہ ہو گا۔

ثناء شیخ بڑے پردے پر

چھوٹے پردے کے باصلاحیت اداکار راجیو کھنڈیل وال اور اداکارہ ثناء شیخ بولی وڈ کی طرف ایک ساتھ قدم بڑھا رہے ہیں۔ اداکارہ کو پرتگیا میں شان دار اداکاری کی وجہ سے بہت پسند کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے اس فلم کی شوٹنگ میں حصہ لینا شروع کر دیا ہے۔ فلم کا نام Table No 21بتایا جارہا ہے۔ اس کی ریلیز اگلے سال متوقع ہے۔ تاہم ان فن کاروں نے فلم کے پروڈیوسر سے اپنے رابطوں اور شوٹنگ سے متعلق کچھ بھی بتانے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی حتمی بات نہیں ہے اور وہ اس پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔

کون ہو گا نیا آکاش سنگھ؟

اسٹار پلس کے مشہور ڈرامے''اس پیار کو کیا نام دوں'' کا مقبول ترین کردار آکاش سنگھ اپنے پرستاروں کو چھوڑ کر جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکشے ڈوگرا جو یہ کردار ادا کر رہے تھے، اب اس شو سے الگ ہو رہے ہیں، جس کی وجوہ تاحال منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔ اس سلسلے میں پروڈکشن ہاؤس نئے نام پر غور کر رہا ہے، لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں۔ اس سلسلے میں فن کار سے رابطہ کیا گیا، لیکن ان سے بات نہیں ہو سکی۔

'دیا باتی اور ہم' کی تین سو اقساط مکمل

ٹیلی نگری کے ناقدین نے اسٹار پلس کے ڈراما سیریل 'دیا باتی اور ہم' کے بارے میں انتہائی مثبت آراء کا اظہار کیا ہے اور اسے ریٹنگ کے اعتبار سے چند کام یاب ترین شوز میں شمار کیا جاتا ہے۔ پچھلے دنوں اس شو کی تین سو اقساط مکمل ہونے پر خوشی منانے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پروڈکشن ہاؤس کی ٹیم اور تمام آرٹسٹ شریک ہوئے۔ اس شو میں انس راشد، اشوک لوکھنڈ، گورو شرما، سحرش علی، دیپکا سنگھ اور دیگر فن کار اہم رول ادا کر رہے ہیں اور یہ تمام اس تقریب میں موجود تھے۔ پروڈکشن ہاؤس کی طرف سے منعقدہ اس تقریب میں ہر چہرے پر خوشی اور مسرت کی جھلک نمایاں تھی۔اس موقعے پر پروڈیوسر نے کیک کاٹا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شو کی کام یابی کو ہر متعلقہ فرد کی محنت اور لگن کا نتیجہ بتایا۔

کیئر ورلڈ کا پروگرام ''ماں'' شروع

ہندوستان میں انسانی صحت اور بیماریوں کے علاج سے متعلق پروگرامز پیش کرنے کے لیے مشہور کیئر ورلڈ ٹیلی ویژن چینل نے ''ماں'' کے نام سے اپنے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جو بیس اقساط پر مشتمل ہے۔ اس شو میں عورتوں کی صحت خصوصاً دوران حمل اور اس کے بعد پیدا ہونے والے طبی مسائل، پیچیدگیوں اور مختلف احتیاطوں سے آگاہ کیا جائے گا جب کہ پیدا ہونے والے بچے کی نگہ داشت اور اس سے متعلق دیگر اہم باتوں سے آگاہی دی جائے گی۔ اس پروگرام کا مقصد عام طور پر عورتوں میں زچگی سے متعلق بعض غلط فہمیوں اور مسائل کا حل نکالنا ہے۔

زی ٹی وی پر ''قبول ہے''

رواں ماہ کی 29 تاریخ کو زی ٹی وی کے ناظرین ''قبول ہے'' نامی ڈراما دیکھیں گے، جس میں ایک مسلمان گھرانے کی کہانی پیش کی جارہی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کس طرح کوئی انسان محنت سے اپنی زندگی بدل سکتا ہے۔ اس میں مختلف کردار نبھانے والے فن کاروں میں کرن سنگھ گرور، شہلیانی کپور ساگر، سوربھی جیوتی و دیگر شامل ہیں۔ یہ شو پیر سے جمعے تک ٹی وی چینل کی نشریات کا حصہ ہوگا۔

گجراتی خاندان سونی ٹیلی ویژن پر

ٹیلی ورلڈ کے کام یاب پروڈیوسر وکاس سیٹھ ان دنوں اپنے نئے ڈرامے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے، لیکن باخبر ذرایع کا کہنا ہے کہ ان کی نئی کہانی گجراتی فیملی سے متعلق ہے۔ اس ڈرامے کے لیے وہ سونی ٹیلی ویژن چینل سے معاہدے کو آخری شکل دے چکے ہیں۔ تاہم ابھی اس ڈرامے کی کاسٹ کا مرحلہ ادھورا ہے۔ اداکارمدت نائر کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ اس شو میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ وہ اس سے قبل ''پالم پور ایکسپریس'' میں دیکھے گئے تھے جب کہ اس نے ایک عالمی نشریاتی ادارے کے تحت بننے والی مختصر دورانیے کی ایک فلم میں بھی کام کیا ہے۔ اس فلم کے بعد اب وہ چھوٹی اسکرین پر نظر آئے گا۔ اس سلسلے میں تصدیق کرنے کے لیے اداکار سے رابطہ کیا گیا تو اس نے فی الحال کچھ بتانے سے انکار کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں