پاکستان اسٹیل سندھ حکومت کو دینے کی پیشکش کی جائے گی کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا فیصلہ

پاکستان اسٹیل ملز تمام اثاثہ جات اور واجبات کے ساتھ سندھ کی صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کی پیشکش کی جائے گی


Numainda Express October 03, 2015
کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے 74 فیصد حصص کی ایکویٹی سیل کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی بھی منظوری دے دی ہے۔ فوٹو: فائل

کابینہ کی نجکاری کمیٹی(سی سی او پی)نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کے 74 فیصد حصص کی ایکویٹی سیل اور پاکستان اسٹیل ملزکی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کی نجکاری کمیٹی(سی سی او پی)کا اجلاس گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز تمام اثاثہ جات اور واجبات کے ساتھ سندھ کی صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ کی صوبائی حکومت پاکستان اسٹیل ملز حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے جس پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت کو پاکستان اسٹیل ملز دینے کی پیشکش کی جائے گی مگر پاکستان اسٹیل ملز کے تمام اثاثہ جات کے علاوہ اسٹیل ملز پر عائد واجبات بھی صوبائی حکومت کے حوالے کیے جائیں گے۔

اجلاس میں کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے فیسکو کی نجکاری کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دیتے ہوئے نجکاری کمیشن کی تجویز پر مختلف وزرا اور متعلقہ ڈپارٹمنٹس کے نمائندوں پر مشتمل اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے، یہ کمیٹی فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے اثاثہ جات کی ویلیو متعین کرنے سے متعلق تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے گی اور اس حوالے سے اپنی سفارشات تیار کرکے سی سی او پی کو پیش کرے گی۔

کابینہ کی نجکاری کمیٹی(سی سی او پی)نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے 74 فیصد حصص کی ایکویٹی سیل کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی بھی منظوری دے دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔