علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس ر جاوید اقبال لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال گزشتہ کئی ماہ سے علیل اور شوکت خانم اسپتال میں زیرعلاج تھے

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خاندانی گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور شوکت خانم میں زیر علاج تھے۔ فوٹو: فائل

شاعر مشرق اور دو قومی نظریے کے خالق علامہ اقبال ؒ کے صاحبزادے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال گزشتہ کئی ماہ سے علیل اور شوکت خانم اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی نماز جنازہ میں سپریم کورٹ کے جسٹس انور ظہیر جمالی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منظور احمد، سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان اسلم بٹ، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری سرور، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید، ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری، جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمن رمدے اور پروفیسر راغب نعیمی کے علاوہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

5 اکتوبر 1924 کو پیدا ہونے والے جاوید اقبال نے پنجاب یونیورسٹی سے انگریزی اور فلاسفی میں ایم اے کا امتحان اعزازی نمبروں سے پاس کیا۔ 1954 میں برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے پی ۔ ایچ ۔ ڈی اور 1956 میں بارایٹ لا ہوئے۔ 1961 میں امریکی حکومت کی دعوت پر وہاں کی اعلٰی ترین درس گاہوں میں ''اقوام متحدہ کا مستقبل'' پر لیکچر دیے۔


1965 میں جاوید اقبال لاہورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور 1971 میں لاہور ہائی کورٹ کے جج مقررہوئے۔ 8 مارچ 1982 سے 5 اکتوبر 1986 تک انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سر انجام دیں جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور 4 اکتوبر 1989 کو ریٹائرڈ ہوئے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد ایک دانشور کی حیثیت سے زندگی گزاری ، ڈاکٹر جاوید اقبال انگریزی اور اردو میں 12 کتابوں کے مصنف ہیں جب کہ انہوں نے 3 جلدوں پر مشتمل علامہ اقبال کی سوانح حیات بھی تحریری کی ۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال بطور سینیٹر اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، چیئرمین سینٹ رضا ربانی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی عدل وانصاف کیلئے خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔

https://www.dailymotion.com/video/x38ier8_justice-r-javed-iqbal-funeral_news
Load Next Story