سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے جامع پالیسی بنانے پرمشاورت

حکومتی ٹیم نے ملکی معیشت کی بہتری کیلیے اہم پالیسی کی تشکیل پر مشاورت شروع کر دی ہے، ذرائع

حکومتی ٹیم نے ملکی معیشت کی بہتری کیلیے اہم پالیسی کی تشکیل پر مشاورت شروع کر دی ہے، ذرائع ۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک میں معیشت کی بہتری کیلیے عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، یہ کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جائیگی ، اس کانفرنس کے انعقاد کے انتظامات خارجہ، خزانہ، تجارت اور داخلہ کی وزارتوں سمیت دیگر متعلقہ محکمے کریں گے، اس کانفرنس میں اہم ملکوں کی حکومتوں، بڑی تجارتی کمپنیوں، اداروں اور بزنس کمیونٹی کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جائیگی۔

وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیم نے ملکی معیشت کی بہتری کیلیے اہم پالیسی کی تشکیل پر مشاورت شروع کر دی ہے اور طے کیا گیا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں جہاں امن بنیادی نکتہ ہے وہیں اب تجارت اور سرمایہ کاری بھی اہم نکات میں شامل ہو گی، حکومت کی جانب سے عالمی ممالک سے سفارتی روابط کو مزید بڑھایا جائیگا اور ان ممالک کو باور کرایا جائے کہ پاکستان کو امداد نہیں بلکہ عالمی منڈیوں تک رسائی دی جائے تاکہ پاکستان کی مصنوعات کو ان عالمی تجارتی منڈیوں میں جگہ مل سکے اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہو سکے ۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر اعلیٰ سطح کا سفارتی تجارتی وفد تشکیل دے گی جو مختلف ممالک کا دورہ کریگا اور اس دورے میں مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی جائیگی اور انہیں پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی اور حکومت کی جانب سے ان سرمایہ کار کمپنیوں کو پرکشش مراعاتی پیکیج بھی دیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق حکومت غور کر رہی ہے کہ اسلام آباد میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جائے، اس کانفرنس کے انعقاد کیلیے دفتر خارجہ تمام ممالک کے سفیروں سے رابطہ کریگا اور حکومت کی جانب سے اس کانفرنس میں شرکت کیلیے تمام سرمایہ کاروں کو خطوط بھیجے جائیں گے، کانفرنس کے انعقاد کی حتمی منظوری وزیر اعظم دینگے جس کے بعد اس کانفرنس کے شیڈول اور اغراض و مقاصد کا اعلان کیا جائیگا۔
Load Next Story