اسرائیل جھوٹا ہے مسجد اقصیٰ کیخلاف جرائم پر خاموش نہیں رہیں گے ترک صدر

جوکچھ مسجد اقصیٰ کے خلاف کیا جا رہا ہے وہ ناقابل معافی ہے اوراسرائیل کواس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی، طیب اردگان

مسجد اقصیٰ کامعاملہ صرف تنہا فلسطینیوں کا نہیں بلکہ قبلہ اول کا دفاع پورے عالم اسلام کی اجتماعی ذمے داری ہے، رجب طیب اردگان۔ فوٹو : فائل

ترکی کے صدررجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ اسرائیل جھوٹا اور مکار ملک ہے، مسجداقصیٰ کے خلاف اسرائیلی فوج، پولیس اوریہودی شرپسندوں کے جرائم ناقابل معافی ہیں، صہیونی ریاست کوان جرائم کی بھاری قیمت چکاناہوگی۔


قطرکے الجزیرہ ٹی وی کوانٹرویومیں ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو یہ مان لینا چاہیئے کہ مسجداقصیٰ کے خلاف اس کی ظالمانہ کارروائیاں دیگرجرائم میں ایک نیا اضافہ ہے، اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے جوکچھ مسجد اقصیٰ کے خلاف کیا جا رہا ہے وہ ناقابل معافی ہے اوراسرائیل کواس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی، مسجد اقصیٰ کامعاملہ صرف تنہا فلسطینیوں کا نہیں بلکہ قبلہ اول کا دفاع پورے عالم اسلام کی اجتماعی ذمے داری ہے۔ ترک صدرنے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیلی اقدامات جرائم میں شمار ہوتے ہیں جن پرخاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

طیب اردگان نے غزہ کی پٹی کے مسلسل محاصرے کی شدید مذمت اورعرب لیگ کے کردار پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انھوں نے کہا کہ مصر میں کوئی منصفانہ اورعادلانہ نظام حکومت نہیں، غزہ کے لاکھوں مسلمان بھائیوں کو تنہا چھوڑنے کا کیاجواز ہے؟۔ انھوں نے شام میں روسی فوج کے فضائی حملوں پربھی تنقیدکی اورکہا یہ حملے داعش کے خلاف نہیں بلکہ اعتدال پسند اپوزیشن قوتوں کے خلاف ہورہے ہیں، شام میں صدربشارالاسدکی رخصتی تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔
Load Next Story