افغانستان میں اسپتال پر امریکی حملے کی مکمل تفتیش کی جارہی ہے براک اوباما

فضائی کارروائی میں طبی عملے اور شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کے واقعے پر افسوس ہے، امریکی صدر


ویب ڈیسک October 04, 2015
قندوز میں امریکی فضائی حملے کے دوران ایک اسپتال میں 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ افغان شہر قندوز میں گزشتہ روز ایک اسپتال پر امریکی فضائی حملے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کی جارہی ہے جس کے بعد وہ کوئی فیصلہ کریں گے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق براک اوباما نے افغانستان کے شہر قندوز میں فضائی کارروائی میں طبی عملے اورشہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی وزارت دفاع اس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے جس کے بعد وہ کوئی فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈرجنرل جان ایف کیمبل نے ایک بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ "واقعے کا تفصیلی جائزہ لے کرتعین کیا جائے گا کہ دراصل ہوا کیا تھا۔" افغانستان میں موجود امریکی فورسز اپنے افغان شراکت داروں کومشاورت اوراعانت فراہم کرتے رہیں گے جیسا کہ قندوزاوراس کے گرد و نواح کے علاقوں کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کے لیے فراہم کی گئی۔

واضح رہے کہ افغانستان کے شہر قندوز میں گزشتہ روز علیٰ الاصبح امریکی فضائی حملے کے دوران غیر ملکی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے تحت چلنے والے اسپتال کو نشانہ بنیا گیا تھا جس میں 12 ڈاکٹروں سمیت 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں