مسلم لیگ ن نے اس بار خواتین کے پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کامنصوبہ بنایا ہے عمران خان

این اے 122 میں انصاف لینے کے لئے ڈھائی سال لگ گئے لیکن کسی مجرم کو سزا نہیں ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف

مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ امپائروں کو ساتھ ملا کر میچ کھیلا، چیئرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: پی پی آئی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اس بار خواتین کے پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کامنصوبہ بنایا ہے تاہم اس بار ہم دھاندلی روکنے کے لئے مکمل تیار ہیں۔



لاہور کے علاقے سمن آباد کے ڈونگی گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ امپائروں کو ساتھ ملا کر میچ کھیلا، (ن) لیگ کے کئی لوگوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جنہوں نے اہم انکشاف کئے جس کے بعد ہماری تیاری اور بہتر ہوگئی ہے، تحریک انصاف میں آنے والے افراد نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے اس بار خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا پروگرام بنایا ہوا ہے تاہم ہماری خواتین بھی دھاندلی روکنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور جادو پولنگ ختم ہونے کے بعد تھیلوں کی منتقلی کے دوران ہوتا ہے اور گاڑی میں ہی تھیلوں کو بھردیاجاتا ہے تاہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ جب ریٹرننگ افسران گاڑی میں تھیلے منتقل کریں اس دوران گاڑی میں بھی ایک ایک فوجی دیا جائے اور ساتھ ہی ہر گاڑی کے ساتھ تحریک انصاف کے 5،5 کارکن موٹرسائیکلوں پر جائیں گے۔





چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں انصاف لینے کے لئے مجھے ڈھائی سال لگ گئے جب کہ ووٹوں کی تصدیق کرنے کے لئے نادرا کو 26 لاکھ روپے اور وکیلوں کو الگ پیسے دیئے جس کے بعد پتہ چلا کہ 53 ہزار ووٹ جعلی ڈالے گئے لیکن اتنا بڑا جرم کرنے اور لوگوں کا مینڈیٹ چوری کرنے پر کسی ایک شخص کو بھی سزا نہیں ہوئی اور جس نے 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کی وہی عملہ پھر الیکشن کرا رہا ہے۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں احتساب اور نیب آزاد ہے جب کہ پنجاب کا نیب کرپشن ختم نہیں کرسکتا، نیب نے سپریم کورٹ کو اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ان کے پاس کرپشن کے 180 کیسز موجود ہیں جس میں کرپٹ افراد نے ملکی خزانے کو 2 ہزارارب روپے کا ٹیکہ لگایا جب کہ ان کیسز میں سے 12 کیسز میاں نواز شریف، ایک کیس شہباز شریف، ایک کیس اسحاق ڈار اور ایک کیس اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر خورشید نے نیب کے سربراہ کا انتخاب کیا تو وہ کس طرح کرپشن الزامات میں انہیں پکڑیں گے، 2008 میں فی پاکستانی پر36 ہزارروپے قرضہ تھا اورآج ایک لاکھ ایک ہزار تک پہنچ چکا ہے۔



چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پی آئی اے کا طیارہ بوئنگ 777 پندرہ روز کے لئے مانگا ہے جس سے ادارے کو 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا اور اس نقصان کا ازالہ عوام کو ٹیکس کی صورت میں کرنا ہوگا، جب تک یہ نظام صحیح نہیں ہوتا اس وقت تک ملک کو ناانصافی کے دلدل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کا مطلب نیا نظام ہے جو لاکر دکھائیں گے، ثابت کر کے دکھائیں گے کہ یہ قوم خوددار اور عظیم ہے اور تحریک انصاف پاکستان کو فلاحی ریاست بنا کر دکھائے گی، عوام سے لیا جانے والا ٹیکس بڑھایا نہیں جائے گا بلکہ ہر فرد خوشی سے ٹیکس دے گا جسے عوام پر ہی خرچ کیا جائے گا۔






دوسری جانب لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کا شیراپنی سیٹ کادفاع کرنے کوتیارہے جب کہ 11 اکتوبر کو این اے 122 کا فیصلہ تاریخی ہوگا اور اس دن پاکستان جیتے گا لیکن اس کے بعد بھی رونے والے روتے رہیں گے کیونکہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کومستقبل کانقشہ نظرآچکا ہے اور عمران خان کواپنی شکست نظر آرہی ہے جب کہ عمران خان 2018کے الیکشن سے بھی خوفزدہ ہیں۔



ایاز صادق نے کہا کہ نوازشریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع کی جب کہ عمران خان کو خطرہ ہے چینی سرمایہ کاری آگئی توان کا کیا بنے گا کیونکہ ملک کے ساتھ ساتھ عمران خان کو لاہورکی ترقی بھی پسند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود پی ٹی آئی کے آدھے درجن ارکان اسٹے آرڈرلے کربیٹھے ہیں اس لیے اب دہرے معیار اوردھرنوں کی سیاست مسترد ہوگئی ہے۔





لاہورپریس کلب میں عمران خان کے الزامات کا جواب پریس کانفرنس کے دوران دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عامیانہ زبان اورالزامات عمران خان کا انتخابی نشان بن چکا ہے جب کہ (ن) لیگ کے امپائرصرف عوام ہیں اور میچ میں امپائربدلناعمران کا وطیرہ ہے اور وہ اپنی مرضی کے فیصلے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں کام کرتی ہیں جلسے اپوزیشن کرتی ہے اوراین اے 122 میں پی ٹی آئی کے نوٹوں اور ہمارے ووٹوں کا مقابلہ ہے تاہم لاہورمسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے۔



خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پرلڑنا پی ٹی آئی کا کام ہے اورہم عدالت جائیں تو اس پر اعتراض کیا جاتا ہے جب کہ پی ٹی آئی کے اپنے 6 ارکان اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اورچھپن چھپائی کھیلنا ہمارا نہیں عمران خان کا طرہ امتیاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں دہرے معیارنہیں چلتے، عمران خان بتائیں کہ وہ 300 کنال کے گھرمیں رہتے ہیں اورانہوں نے کتنا ٹیکس دیا؟، نوازشریف بحیثیت وزیراعظم 12 نشستوں کے جہاز پرامریکا گئے لیکن خیبرپختونخوا میں عمران خان سرکاری جہاز کیوں استعمال کرتے ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x38ke5k_imran-khan_news
Load Next Story