ڈرائے شیمپوکا مہارت سے استعمال کرنا ضروری ہے

’ڈرائے شیمپو‘ کا استعمال ہمارے بالوں میں چھپی میل، خشک اور روکھے بالوں کے لیے بہت فائدے مند ہے۔


سحرش پرویز October 05, 2015
بالوں کو شیمپو کے علاوہ ڈرائے شیمپو سے بھی نکھارا اور چمکایا جا سکتا ہے فوٹو: فائل

KHANPUR: 'ڈرائے شیمپو' آپ کے بالوں کو مزید نکھارنے کے لیے ایک بہترین چیز ہے، جو بازار میں بہ آسانی دست یاب ہے۔ اس کا استعمال ہمارے بالوں میں چھپی میل، خشک بالوں اور روکھے بالوں کے لیے بہت فائدے مند ہے۔ اس کا استعمال اتنا عام نہیں ہے، کیوں کہ اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ شیمپو کے بعد ان کے بالوں کو کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔ بالوں کو شیمپو کے علاوہ ڈرائے شیمپو سے بھی نکھارا اور چمکایا جا سکتا ہے۔

ڈرائے شیمپو مختلف قسم کے فارمولوں میں موجود ہیں، لیکن عام طور پر خواتین اسپرے کی صورت میں اس کا استعمال زیادہ بہتر سمجھتی ہیں،کیوں کہ اس طرح خواتین اسے اپنے بیگ میں رکھ کے بھی کہیں لے جا سکتی ہیں۔ عموماًخواتین کو یہ شکایت ہوتی ہے کہ جب وہ سمندر کی طرف جاتی ہیں تو وہاں ان کے بال بالکل بکھرے بکھرے ہو جاتے ہیں، ایسے میں ڈرائے شیمپو ان کے بالوں کے لیے بہت کار آمد ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ تیز ہوا کی وجہ سے بھی بال خراب ہو جاتے ہیں، ایسے بالوں میں ڈرائے شیمپو کا استعمال مفید ہے۔ اس نایا ب چیز کا استعمال کس طرح کیا جا سکتا ہے، وہ ہم آپ کو بتائے دیتے ہیں، کیوں کہ یہ عام شیمپو کی طرح پورے بالوں میں نہیں لگایا جاتا۔

٭صرف آئلی جگہ پر اسپرے کریں۔ پورے سر میں اسپرے کرنے سے آپ کے بالوں میں سفید داغ پڑ جائیں گے اور خشکی بھی ہو سکتی ہے۔ تھوڑے تھوڑے بالوں کو لے کے اس میں ہلکا ہلکا اسپرے کریں۔

٭بالوں کو پورے جڑ سے گیلا کریں، بلکہ بالوں کے نیچے سے تھوڑا فاصلہ رکھیں۔

٭ڈرائے شیمپو کو لگا کر چھوڑیں نہیں، بلکہ اسے اسی وقت ہی انگلیوں کی مدد سے جذب کر لیں۔ اگر آپ نے تھوڑی دیر بھی اسے سر میں لگا رہنے دیا، تو یہ آپ کی سر کی جلد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بہت زیادہ اسپرے کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سر کا مساج کرنے کے بعد اپنے بالوں کو برش سے سلجھا لیں، تاکہ شیمپو کا اثر پورے بالوں میں آ جائے۔

٭سو کے اٹھنے کے بعد ڈرائے شیمپو کا استعمال ضرور کریں، کیوں کہ صبح جب ہم اٹھتے ہیں تو ہمارے بالوں میں چکنائی آجاتی ہے اور وہ رف لگتے ہیں۔ تھوڑا سا اپنے بالوں میں اسپرے کریں اور ہلکے ہاتھوں سے مالش کریں، تاکہ آئل ختم ہو جائے۔ اس سے آپ کے بال مزید بہتر ہو جائیں گے۔

٭اگر آپ تیز قدمی (جوگنگ) یا دیگر ورزش وغیرہ کرتی ہیں، تو گھر آکر ڈرائے شیمپو ضرور استعمال کریں۔ اس کے علاوہ آپ اگر جہاز میں سفر کر رہی ہیں، تو بھی اس شیمپو کو بہ آسانی استعمال کر سکتی ہیں۔

ڈرائے شیمپو کا استعمال ہمیشہ گیلے بالوں پر کریں۔ خشک بال الجھے ہوئے ہوتے ہیں، جس سے اس کا اثر بالوں میں نہیں رہے گا۔

ڈرائے شیمپو کو آپ اپنے گھر میں بھی آسانی سے بنا سکتی ہیں۔

اس کے لیے بیکنگ سوڈا، مکئی کا دلیا، مکئی کا نشاستہ، جو کا آٹا اور بے بی پاؤڈر ہم وزن لے کر باریک پیس لیں۔

اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کے شیمپو سے خوش بو آئے، تو جس بوتل میں آپ اس آمیزے کو رکھ رہی ہیں۔ اس میں گلاب یا چنبیلی کے پھول ڈال کر رکھ دیں، اس طرح اس میں خوش بو رچ بس جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |