کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے 1285 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے عبداللہ شاہ غازی کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز کیا۔


ویب ڈیسک October 05, 2015
عبداللہ شاہ غازی کے عرس کی تقریبات 7 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: صوفی بزرگ سید ابو محمد عبداللہ المعروف عبداللہ شاہ غازی کے 1285 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔

کراچی میں ساحل سمندرکے قریب واقع عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر ان کے 1285 ویں عرس کی 3 روزہ سالانہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے جو 7 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کر کے عرس کا باقاعدہ آغاز کیا جب کہ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوفی بزرگوں نے ہمیں انسانیت سے ہمدردی اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، دعا ہے کہ اللہ پاک پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرے اور ہمیں صوفیائے کرام کے دیئے ہوئے درس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

عبداللہ شاہ غازی نے 98 ہجری میں مدینہ منورہ کے ایک معزز سادات گھرانے میں آنکھ کھولی اور آپ کا شجرہ نصب چوتھے خلیفہ الرسول حضرت علیؓ سے جا کر ملتا ہے۔ آپ 138 ہجری میں دین اسلام کی تبلیغ کے لئے سندھ تشریف لائے اور 12 برس تک اسلام کی تبلیغ کرتے رہے اور آپ کو 151 ہجری میں شہید کردیا گیا۔ آپ کے عقیدت مندوں نے آپ کو سمندر کے کنارے ایک پہاڑی پر دفن کردیا جہاں آج بھی آپ کا مزار قائم ہے۔ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند آپ کے مزار پر حاضری دیتے ہیں اور آپ کے ماننے والوں میں تمام مذاہب اور طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں