سیمنٹ کی برآمد پہلی سہ ماہی میں27فیصد گر گئی

ستمبر میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 2.60 فیصد کےاضافےسے 2.48 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 2.42 ملین ٹن تھی


Business Reporter October 06, 2015
حکومت کو چاہیے کہ وہ سیمنٹ کی برآمدات بڑھانے کے لیے انڈسٹری کو مراعات پیش کرے۔ فوٹو: فائل

سیمنٹ کی مقامی کھپت میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 11.12 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم برآمدات میں 27.23 فیصد کی کمی ہوئی، اس طرح سیمنٹ کی انڈسٹری کی جولائی تاستمبر کے دوران مجموعی فروخت میں1.43 فیصد کا اضافہ ہو۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 2.60 فیصد کے اضافے سے 2.48 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 2.42 ملین ٹن تھی جبکہ گزشتہ ماہ سیمنٹ کی برآمدات 36فیصد کم ہوکر 4لاکھ 67ہزار ٹن رہ گئیں جو ستمبر 2014 میں 7لاکھ 30ہزار ٹن تھیں، اس طرح ستمبر2015 میں مجموعی فروخت6.34 فیصد گھٹ کر 2.95 ملین ٹن رہی جو ستمبر 2014 میں 3.15 ملین ٹن تھی۔

اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری کو توقع ہے کہ حکومت ایرانی سیمنٹ کی آمد روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے گی جو زیادہ تر انڈرانوائسنگ اور مس ڈیکلیئریشن سے آرہی ہے۔ ملک میں سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت پوری طرح استعمال میں نہیں آ رہی، اس لیے حکومت کو انڈسٹری کی مدد کرنی چاہیے تاکہ اضافی پیداواری صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے سیمنٹ کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے ورنہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں سیمنٹ کی برآمدات مزید کم ہوں گی، حکومت کو چاہیے کہ وہ سیمنٹ کی برآمدات بڑھانے کے لیے انڈسٹری کو مراعات پیش کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔