کیویز سے سیریز سری لنکا کو اجنتھا کی فٹنس پر تشویش

مینڈس کو یہ انجری گذشتہ ماہ 18ستمبر کو زمبابوے کیخلاف ایونٹ کے افتتاحی میچ کے موقع پر پیش آئی تھی

اجنتھا کو حالیہ ورلڈ کپ ٹوئنٹی20 کے دوران سائیڈ اسٹرین کی انجری لاحق ہوئی تھی. فوٹو : اے ایف پی/فائل

نیوزی لینڈ کیخلاف 30 اکتوبر سے شروع ہونے والی ہوم سیریز کے لیے سری لنکا اپنے اسٹار اسپنر اجنتھا مینڈس کی دستیابی کی امید ہے لیکن تاحال ان کی فٹنس میزبان بورڈ کیلیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

اجنتھا کو حالیہ ورلڈ کپ ٹوئنٹی20 کے دوران سائیڈ اسٹرین کی انجری لاحق ہوئی تھی، کیوی ٹیم سری لنکا کے دورے میں ایک ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل، 5ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، سری لنکن ٹیم منیجر چیراتھ سینانائیکے نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ اجنتھا بدستور انجری سے نجات حاصل کرنے کے عمل سے گزر رہا ہے، سردست کیویز کیخلاف ہوم سیریز سے ہماری واحد تشویش اس کی بروقت دستیابی ہی ہے۔


مینڈس کو یہ انجری گذشتہ ماہ 18ستمبر کو زمبابوے کیخلاف ایونٹ کے افتتاحی میچ کے موقع پر پیش آئی تھی، تاہم اس کے باوجود وہ صرف جنوبی افریقہ کیخلاف بارش سے متاثرہ میچ میں میزبان الیون کا حصہ نہیں بنے تھے اس کے علاوہ انھوں نے دیگر میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ایونٹ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر کا اعزاز پایا تھا، منیجر نے مزید بتایا کہ اجنتھا اگرچہ ایونٹ کے ابتدائی میچ میں انجرڈ ہوگئے تھے لیکن انھوں نے درد کش ادویات کے سہارے دیگر میچز میں حصہ لیا تھا، وہ ابھی تک اس انجری سے سوفیصد نجات حاصل نہیں کرپائے ہیں۔

انھوں نے مزید کہاکہ ہم نے ورلڈ ٹی 20 پلیئرز کے لیے پریکٹس کو ان کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے لیکن اسکواڈ کے دیگر پلیئرز پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں ، ہم 23 اکتوبر کو یکجا ہوں گے، سری لنکن سلیکٹرز کیویز کیخلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا انتخاب آئندہ چند روز میں کردیں گے، چیئرمین آف دی سلیکشن پینل اشانتھا ڈی میل حتمی اسکواڈ کے چنائو سے قبل کپتان مہیلا جے وردنے اور کوچ گراہم فورڈ سے تبادلہ خیال کریں گے،کپتان فی الوقت جنوبی افریقہ میں جاری چیمپئنز لیگ ٹی 20 میں دہلی ڈیئرڈیولز کی قیادت کررہے ہیں، ان سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے رابطہ کیا جائیگا، جے وردنے کے کپتانی چھوڑدینے کے بعد کیویز کیخلاف پالے کیلی میں 30 اکتوبر کو شیڈول واحد ٹی20 میں انجیلو میتھیوز کویہ ذمہ داری دی جاسکتی ہے، اشانتھا ڈی میل کا کہنا ہے کہ ہم چند اور سنیئر کرکٹرز کو بھی آرام دے سکتے ہیں۔
Load Next Story