ٹی 20 اسکواڈ عمران نذیر عبدالرزاق اورکامران کی واپسی پر اتفاق

کپتانوں اور کوچز نے سری لنکا میں بدترین شکست کا ملبہ ناقص امپائرنگ اور پچز پر ڈال دیا

کپتانوں اور کوچز نے سری لنکا میں بدترین شکست کا ملبہ ناقص امپائرنگ اور پچز پر ڈال دیا۔ فائل فوٹو

آسٹریلیا کیخلاف ٹوئنٹی20 سیریز اور ورلڈکپ کیلیے قومی ٹیم میں عمران نذیر، عبدالرزاق اورکامران اکمل کی واپسی پر اتفاق ہو گیا،اسکواڈ کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے، کینگروز سے ون ڈے میچز کیلیے ٹیم کا انتخاب بعد میں کیا جائے گا، دوسری جانب کوچ ڈیوواٹمور چھٹیاں منانے آسٹریلیا واپس جا رہے ہیں، وہ رمضان کے آخری عشرے میں لاہور واپس آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کو28 اگست سے10ستمبر تک یو اے ای میں آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینا ہے، ورلڈکپ کیلیے حتمی اسکواڈ کے نام آئی سی سی کو بھیجنے کی آخری تاریخ قریب آ چکی،اس لیے پی سی بی رواں ہفتے ہی15پلیئرز کا اعلان کر دے گا، یہی کھلاڑی کینگروز سے بھی نبردآزما ہوں گے، البتہ ون ڈے ٹیم چند روز بعد منتخب کی جائے گی، اس ضمن میں پیر کو لاہور میں قومی سلیکشن کمیٹی، ون ڈے کپتان مصباح الحق، ٹی ٹوئنٹی قائد محمد حفیظ اور کوچ ڈیو واٹمور کی اہم ملاقات ہوئی،اس موقع پر ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں پر سلیکٹرز نے مینجمنٹ سے تبادلہ خیال کیا،


ذرائع کے مطابق اوپنر عمران نذیر، آل رائونڈر عبدالرزاق اور وکٹ کیپر کامران اکمل کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی پر اتفاق ہو گیا، سری لنکا کے خلاف سیریز میں حصہ لینے والے خالد لطیف،احمد شہزاد اور شکیل انصرکو ان کیلیے جگہ خالی کرنا پڑے گی۔ اس موقع پر سری لنکا میں ٹیم کی شکست کی وجوہات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، کپتانوں اور کوچ نے اس کاملبہ ناقص امپائرنگ، وکٹوں کے معیار اور فیلڈنگ میں پلیئرز کی عدم توجہ پر ڈال دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ حفیظ اور واٹمور نے بورڈ کی جانب سے ٹکا سا جواب ملنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں مصباح کی واپسی کے حوالے سے مزید بات کرنے سے گریز کیا، چونکہ ون ڈے اسکواڈ ابھی منتخب نہیں کیا جا رہا اس لیے یونس خان کے مستقبل پر بھی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔ دریں اثنا ساس کی علالت کے سبب کوچ ڈیوواٹمور بورڈ سے چھٹیاں لے کر چند روز کیلیے آسٹریلیا جا رہے ہیں،وہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں پاکستان واپس آ کر ٹیم کو کینگروز سے سیریز کے لیے تیاریاں کرائیں گے۔
Load Next Story