ہلڑ بازی کرنیوالے جنونی شائقین کوسبق سکھانے کا مطالبہ

کٹک کے بارہ بتی اسٹیڈیم پر پابندی کیلیے آوازیں اٹھنے لگیں،گاوسکر اوروان متفق


Sports Desk October 07, 2015
مہندرا سنگھ دھونی نے پانی کی بوتلیں اچھالنے کو ’معمولی‘ واقعہ قرار دے دیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں ہلڑ بازی کرنے والے جنونی بھارتی تماشائیوں کو سبق سکھانے کا مطالبہ سامنے آگیا، کٹک کے بارہ بتی اسٹیڈیم پر پابندی کیلیے آوازیں اٹھنے لگیں، سنیل گاوسکر اور مائیکل وان نے بھی اس میدان پر پھر سے انٹرنیشنل مقابلہ نہ سجانے کی حمایت کردی، دوسری جانب بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے پانی کی بوتلیں اچھالنے کو 'معمولی' واقعہ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق کٹک میں منعقدہ دوسرے ٹوئنٹی 20 کے دوران گراؤنڈ میں شائقین کی جانب سے پانی کی بوتلیں اچھالنے کا واقعہ 2 مرتبہ پیش آیا، پہلے بھارتی ٹیم کے صرف 92 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد اننگز بریک اور دوسری بار پروٹیز کی اننگز کے 11 ویں اوور کے بعد تماشائیوں نے ہلڑ بازی کی، دوسری بار کھیل 27 منٹ تک رکا رہا اور میچ ریفری کرس براڈ نے منتظمین سے45 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں اضافی سیکیورٹی تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس واقعے کی نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی، اس کے ساتھ بارہ بتی اسٹیڈیم پر انٹرنیشنل میچز کے انعقاد پر پابندی کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے، اس کی سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر اور سابق انگلش قائد مائیکل وان نے بھی حمایت کی ہے۔ گاوسکر نے کہاکہ یہ واقعہ ناقابل قبول ہے، ویسے بھی اب کٹک کے اگلے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کی باری 2 سال بعد آنا ہے لیکن کراؤڈ کو واضح پیغام دینے کے لیے اس پر مزید پابندی عائد کرنا چاہیے۔

وان نے کہا کہ بھارت کے پاس اور کئی بہترین اسٹیڈیمز موجود ہیں وہ اب یہاں پر میچز منعقد نہ کرے۔ دوسری جانب بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے معاملے کی شدت کم کرنے کیلیے کہا کہ بوتلیں پھینکنا کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے، اس سے کھلاڑیوں کی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہوا۔ پروٹیز ٹی 20 قائد فاف ڈو پلیسی نے کہاکہ میں گذشتہ 5، 6 برس سے بھارت میں کرکٹ کھیل رہا ہوں مگرکراؤڈ کی ایسی حرکت کبھی نہیں دیکھی، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں