’’کھیلنا ہے تو بتاؤ ورنہ جاؤ‘‘ پاکستان دبئی میں بھارت سے دو ٹوک بات کرے گا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی آج سے شروع ہونے والی میٹنگز کے دوران دونوں بورڈز حکام مل بیٹھیں گے

پہلے روزکونسل کی ویمنز کمیٹی کا اجلاس شیڈول، چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کل ملے گی،منگل و بدھ کوبورڈز میٹنگ،پاکستان کی نمائندگی شہریاراورسبحان کریں گے فوٹو:اےایف پی

پاک بھارت سیریزکے حوالے سے حتمی فیصلے کا وقت آ پہنچا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جمعرات سے شروع ہونے والی میٹنگز کے دوران دونوں بورڈز حکام میں بھی دوٹوک بات ہوگی.

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت دونوں کو دسمبر میں یو اے ای میں سیریز کھیلنی ہے،مگر بی سی سی آئی دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کو وجہ قرار دے کر اس سے جان چھڑانے کی کوششوں میں مصروف ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس کے آفیشل جواب کا انتظار ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ بی سی سی آئی نے اس حوالے سے حتمی جواب دبئی میں شیڈول آئی سی سی میٹنگز کے موقع پر دینے کو کہا ہے،2015 کی میٹنگز کے فائنل راؤنڈ کا آغاز جمعرات سے ہورہا ہے، پہلے روز ویمنز کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جمعے کو چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔ ہفتے کو گورننس اور ڈیولپمنٹ کمیٹیزکی میٹنگز ہونی ہیں،اتوار کو آڈٹ اور ایگزیکٹیوز کمیٹیز مل بیٹھیں گی، فنانس اینڈ کمرشل افیئر کمیٹی کا اجلاس پیر کو ہوگا جبکہ اسی روز آئی سی سی، آئی ڈی آئی اور آئی بی سی بورڈ کی دوروزہ میٹنگز کا بھی آغاز ہوگا۔


پاکستان کی نمائندگی چیئرمین شہریارخان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کریں گے، بھارت کی جانب سے بدستور این سری نواسن ہی موجود رہیں گے، سیکریٹری انوراگ ٹھاکر بھی دبئی آ رہے ہیں۔پہلے روز آئی سی سی کی ویمنز کمیٹی کا اجلاس شیڈول ہے، چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی جمعے کو مل بیٹھے گی، آئی سی سی بورڈ میٹنگ منگل و بدھ کو ہوگی۔

اس موقع پر باہمی کرکٹ سیریز کے اسٹرکچر اور شیڈولنگ کے بارے میں غور ہوگا، اس سلسلے میں آئی سی سی بورڈ اور چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کا ایک جوائنٹ سیشن بھی منعقد ہونا ہے۔ یو ایس اے کرکٹ ایسوسی ایشن کے اسٹیٹس اور ملک میں کرکٹ کی ترقی کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات بھی زیر غور آئیںگے۔ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کرپشن سے نمٹنے کیلیے انٹیگریٹی ورکنگ پارٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اسی طرح آئندہ برس شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 سمیت آئی سی سی کے اگلے ایونٹس کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ لی جائے گی،2015 سے 2023 کے سرکل کے کمرشل رائٹس کی فروخت کے حوالے سے بھی غور ہوگا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی صدارت شیشانک منوہر کی جانب سے سنبھالے جانے کے باوجود آئی سی سی میں بی سی سی آئی کی نمائندگی بدستور این سری نواسن ہی کریں گے،وہ کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، چونکہ ان کی اب بھارتی بورڈ میں کوئی حیثیت باقی نہیں رہی اس لیے پاکستان بورڈ کے چیئرمین شہریار خان باہمی سیریز کے حوالے سے بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر سے ہی بات چیت کریں گے، جس میں کوئی حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ شہریار خان اپنے حالیہ دورئہ بھارت کے دوران حریف بورڈ کو محدود اوورز کے میچز کی مختصر سیریز کھیلنے کی تجویز بھی دے چکے ہیں۔
Load Next Story