کراچی پولیس کے اہلکار ایک بار پھردہشت گردوں کے نشانے پر

شہر میں فائرنگ کے واقعات میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 ٹریفک اہلکار زخمی ہوگئے


ویب ڈیسک October 08, 2015
شہر قائد میں رواں برس اب تک 67 پولیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ کا شکار بن چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

شہر قائد میں پولیس اہلکارایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگئے جہاں ایک ہی روز میں فائرنگ کے واقعات میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق جب کہ 2 ٹریفک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق شہر میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور ایک ہی روز میں فائرنگ کے پے در پے واقعات میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا پہلا واقعہ طارق روڈ پر واقع بہادر آباد چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے 2 پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں اہلکار موٹرسائیکل پر گشت کررہے تھے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا، دونوں اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ڈی ایس پی نیو ٹاؤن ناصر لودھی کے مطابق جاں بحق اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عبدالغفار اور کانسٹیبل پرویز کے نام سے ہوئی اور دونوں نیو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تعینات تھے۔ ناصر لودھی کا کہنا تھا کہ دونوں اہلکاروں کو پیچھے سے نشانہ بنایا گیا اور انہیں گردن اور کمر پر گولیاں لگیں۔

ڈی ایس پی ناصر لودھی کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں جب کہ علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی تحویل میں لے لی گئی ہے جس کے ابتدائی مشاہدے سے پتا چلتا ہے کہ ملزمان ایک موٹر سائیکل اور گاڑی پر سوار تھے تاہم فائرنگ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کی۔

دوسری جانب گولیمار میں بھی فائرنگ کے واقعے میں 2 ٹریفک اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس کےمطابق ٹریفک اہلکار چن زیب اور مہدی زمان موٹرسائیکل پر ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ اس دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے اور انہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مہدی حسن کی حالت تشویشناک ہے تاہم چن زیب کو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے معمول زخم آئے۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں رواں برس اب تک 67 پولیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ کا شکار بن چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |