عمران خان کا نندی پور پاورپروجیکٹ کا آڈٹ ایشیائی ترقیاتی بینک سے کروانے کا مطالبہ

پائلٹس کی ہڑتال کے دوران شاہد خاقان کی ایئرلائن نے کرایوں میں اضافے سے 9 کروڑ کمائے، چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک October 08, 2015
پائلٹس کی ہڑتال کے دوران شاہد خاقان کی ایئرلائن نے کرایوں میں اضافے سے 9 کروڑ کمائے، چیرمین پی ٹی آئی، فوٹو:فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے تیسرے امیر ترین آدمی ہیں لیکن ٹیکس دینے میں 10 ہزارلوگوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہیں۔

لاہور میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو کرپٹ ترین انسان کہنے پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا جس کی وجہ سے آج کچھ حقائق سامنے لاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں (ن) لیگ کا سلوگن روشن پاکستان تھا اور یہ کہتے تھے کہ ہم 6 ماہ میں بجلی ختم کردیں گے جس کے بعد نوازشریف نے 2017 میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا کہا مگر اب نیپرا کی رپورٹ سے قوم کو پتا چلا کہ لوڈشیڈنگ تو 2020 تک ختم نہیں ہوسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت کی نااہلی، چوری اور کرپشن کی وجہ سے واپڈا کو 980 ارب روپے کا نقصان ہوا جب کہ نیپرا نے اپنی سالانہ رپورٹ میں میں کہا حکومت شہریوں کو 70 فیصد اضافی بل بھیج رہی ہے۔

عمران خان نے نندی پورپاور پراجیکٹ کا آڈٹ ایشیائی ترقیاتی بینک سے کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ نندی پور میں اضافی لاگت کا الزام پیپلزپارٹی پر لگاتی ہے اگر ایسا ہے تو ان کو منصوبے پر کام کرنے سے پہلے قوم کو بتانا چاہیے تھا مگرحکومت میں آتے ہی شہباز شریف نے پروجیکٹ اپنے ہاتھوں میں لے لیا جب کہ یہ منصوبہ وفاق کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے بھی خزانے کو 20 ارب روپے کا نقصان پہنچایا اور ایل این جی بھی ایک بڑا اسیکنڈل ہے جس پر اربوں ڈالر سالانہ خرچ ہوں گے لیکن یہ منصوبہ خفیہ رکھا گیا، نیلم جہلم پروجیکٹ سے بھی سالانہ 50 ارب روپے کا نقصان ہوگا جب کہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے اربوں روپوں کے نقصان کا ازالہ شہریوں سے بجلی کے بلوں کے اندر چارج کیا گیا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ (ن) لیگ نے جب حکومت سنبھالی توگردشی قرضے 480 ارب روپے تھے مگر اب وہ 600 ارب تک پہنچ گئے ہیں اور پی آئی اے جو دنیا کی 10 بہترین ایئرلائنز میں سے تھی اب وہ قرضوں تلے دبی ہوئی ہے اور موجودہ پائلٹس بحران کی وجہ سے 40 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا مگر وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کی ایئربلیو نے کرایوں میں اضافے کرکے 6 دنوں میں 9 کروڑ کا منافع کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے تو اپنے کاروبار کو چمکانے کے لیے اسٹیل ملز کو بھی نہیں چھوڑا جو اب بند ہونے والی ہے اور حکومت اسے پیپلزپارٹی کو دینا چاہتی ہے جس نے اپنے دور میں کرپشن کے ذریعے اربوں کا نقصان کروایا۔ چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میٹرو پر عوام کا اربوں روپے ضائع کیا گیا جب کہ جتنا پیسہ 5 دانش اسکول پر لگایا گیا اتنے میں 21 ہزار اسکولوں کو ری نیو کیا جاسکتا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وکی پیڈیا کے مطابق نوازشریف پاکستان کے تیسرے سب سے امیر آدمی ہے جن کی 140 ارب روپے کی دولت ہے لیکن وہ ٹیکس دینے میں 10 ہزارلوگوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہیں۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عوام (ن) لیگ کی دھاندلی روکنے کے لیے بھرپور تیار ہے اور اگر دھاندلی کی تو اچھا نہیں ہوگا جب کہ لاہور کے عوام اپنا فیصلہ دے چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں