تحریک انصاف غیر ملکی چندے سے چلتی ہے اور یہ پیسہ ملکی عدم استحکام کیلیے بھی استعمال ہوا پرویزرشید

پی ٹی آئی کو یہودی، سکھ اور ہندو فرمز نے بھی پیسہ دیا جب کہ امریکا سے چندہ لینے کے بھی ثبوت ہیں، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک October 08, 2015
پی ٹی آئی کو یہودی، سکھ اور ہندو فرمز نے بھی پیسہ دیا جب کہ امریکا سے چندہ لینے کے بھی ثبوت ہیں، وزیر اطلاعات، فوٹو:فائل

وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویزرشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جماعت غیر ملکی چندے سے چلتی ہے جب کہ پی ٹی آئی نے بیرونی چندے کو ملک میں عدم استحکام کے لیے استعمال کیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو غیرملکیوں سے فنڈ لینے کی ممانعت ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اس حوالے سے الیکشن کمیشن کےاحکامات کی پابندی کرتی رہی ہیں اور وہ غیر ملکیوں سے فنڈنگ نہ لینے کا سرٹیفکیٹ جمع کراتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جماعت غیر ملکی چندے سے چلتی ہے اور اسے یہودی، سکھ اور ہندوؤں نے چندہ دیا، پی ٹی آئی کے امریکا سے چندہ لینے کے تمام ثبوت موجود ہیں جب کہ عمران خان کی جماعت نے بیرونی چندے کو ملک میں عدم استحکام کے لیے استعمال کیا اور یہ چندہ نہ صرف الیکشن کمیشن سے چھپایا گیا بلکہ دھرنوں کے دوران پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کیلیے استعمال کیا گیا۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیکریٹری نےبتایا کہ ان کی جماعت کے اکاؤنٹس کی تفصیلات ایک ہفتہ قبل آئیں اگر ایسا ہے تو اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرانے پر عوامی نمایندگی ایکٹ کی خلاف ورزی کے باوجود پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کیسے الاٹ ہوا اور الیکشن کمیشن نے اپنے اصولوں کی خلاف ورزی کیسے کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2013 الیکشن میں حصہ لینے کا حق دھاندلی سے حاصل کیا جب کہ الیکشن کمیشن نے 13 ماہ عمران کے جرم پر کیوں پردہ ڈالے رکھا، بتایا جائے کہ تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن میں کیا گٹھ جوڑ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں