اصغر خان کیس سے سچ سامنے آگیا الیکشن میں ضمانتیں ضبط کرادینگے راجا پرویز

فراڈ کے تمام راستے بند کردیے اب انتخابات شفاف ہوں گے، پیپلزپارٹی کبھی نہیں ہاری، دوتہائی اکثریت لے کر حکمرانی کرینگے


Online/ October 22, 2012
گوجر خان:وزیراعظم راجا پرویز اشرف سوار محمد حسین شہید اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

ISLAMABAD: وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے ۔

کوئی شکست نہیں دے سکتا ، عام انتخابات میں کسی فراڈیے کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے، الیکشن والے دن مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی، دوتہائی اکثریت لے کردوبارہ حکمرانی کریں گے، اپنی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ گوجر خان میں جلسہ عام سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ماضی میں سازش کرکے پیپلزپارٹی کو ہرانے کے حربے استعمال کیے گئے، جب کوئی حربہ کام نہ آیا تو بینظیر کو شہید کردیا گیا۔

اخباروں میں سروے کروانے والے آکر دیکھیں، انہیں پتہ چل جائیگا، ہم پورے ملک میں6،6 ہزار افراد کا سروے نہیں کراتے بلکہ ایک ایک تحصیل میں لاکھوں لوگوں کا سروے کرتے ہیں۔ بینظیر بھٹو نے اس وقت کہا تھا کہ عوام نے ووٹ پیپلزپارٹی کو دیے تھے مگر نتائج چرالیے گئے اور الیکشن چرانے والوں نے کہا کہ بینظیر سیکیورٹی رسک ہے۔ آج 22 برس بعد سچ دنیا کے سامنے آگیا ہے کہ پیپلزپارٹی کبھی نہیں ہاری تھی بلکہ عوام کے ووٹوں کے چوروں اورفراڈیوں نے پیپلزپارٹی کو ہروایا لیکن اب کوئی فراڈیہ دھوکہ نہیں دے سکے گا۔

انھوں نے کہا کہ جب محترمہ جلاوطنی سے پاکستان واپس آئیں تو کروڑوں عوام نے ان کا خیرمقدم کیا اور جب انھوں نے دیکھا کہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے تو اس کو بھی شہید کرادیا۔ الیکشن کمیشن اب خودمختار ہے، پہلے ہر حلقے میں ایک سے ڈیڑھ لاکھ جعلی ووٹ تھے، وہ نادرا سسٹم سے ختم کرادیے۔ ہم نے فراڈ کے تمام راستے بند کردیے ہیں اور آئندہ عام انتخابات شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ عوام ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بینظیر بھٹو تک اور آصف زرداری سے لیکر بلاول بھٹو زرداری سے گہری محبت کرتے ہیں کیونکہ وہ پھانسی کے پھندے چومتے ہیں،گولیاں کھاتے ہیں، بارہ، بارہ برس جیلیں کاٹتے ہیں مگر اُف نہیں کرتے لیکن مخالفین کو کانٹا بھی چبھ جائے تو آسمان سر پر اٹھالیتے ہیں۔

پرویزاشرف نے کہا کہ جتنی مرضی سازشیں کرلو، جتنا مرضی پروپیگنڈا کرلو جس دن الیکشن میں آؤگے تمہاری ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی، اصغر خان کیس کے فیصلے نے چوروں اور دھوکے بازوں کو بے نقاب کردیا ہے،دنیا کے سامنے سچ آگیا ہے، دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کبھی نہیںہاری، اسے فراڈ سے ہرایا گیا، پیپلزپارٹی کو ہٹانا اب کسی کے بس میں نہیں، میں پوٹھوہاری وزیراعظم ہوں، ان فراڈیوں کو اب فراڈ نہیں کرنے دوں گا۔

انھوں نے اس موقع پر پوٹھوہار آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرنے اور گوجر خان کو جلد ضلع کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جتنے کام ہماری حکومت نے گزشتہ چار برسوں میں کرائے اتنے کام پچھلے 100برسوں میں بھی نہیں ہوئے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے گوجر خان میں12 ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ دریںاثنا وفاقی وزیر قانون وانصاف فاروق نائیک نے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں وزارت قانون وانصاف اور دیگر قانونی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں