پاکستان کا امتحان لینے مائیک ہسی واپس لوٹ آئے

میکسویل دونوں طرز کے آسٹریلوی اسکواڈزمیں شامل،واٹسن ٹی20میچز کھیلیں گے


ایکسپریس July 17, 2012
میکسویل دونوں طرز کے آسٹریلوی اسکواڈزمیں شامل،واٹسن ٹی20میچز کھیلیں گے. فوئل فوٹو

آسٹریلیا نے پاکستان سے یو اے ای سیریز کیلیے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 اسکواڈز کا اعلان کردیا،گرین شرٹس کی صلاحیتوں کا امتحان لینے مائیک ہسی واپس لوٹ آئے ہیں، نوجوان ہارڈ ہٹر گلین میکسویل کو دونوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے، کولم فرگوسن کو ایک روزہ اور کیمرون وائٹ کو ٹی 20 کیلیے طلب کیا گیا، انجرڈ شین واٹسن صرف ٹوئنٹی 20 کھیلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کو آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے ہیں، اس سے قبل25 اگست کو شارجہ میں افغانستان سے ایک روزہ مقابلہ بھی ہوگا،افغان سائیڈ کے خلاف بھی پاکستان کیلیے اعلان کردہ اسکواڈ ہی مقابلہ کرے گا۔ تجربہ کار بیٹسمین مائیک ہسی کی دونوں طرز کی ٹیموں میں واپسی ہوئی، وہ اپنے بچے کی قبل از وقت پیدائش کے باعث حالیہ دورئہ انگلینڈ پر نہیں جا سکے تھے، ہسی ماضی میں پاکستانی ٹیم کیلیے درد سر بنے رہے اور اب ایک بار پھر امتحان لینے کیلیے تیار ہوں گے،

پیٹرفورسٹ کو ڈراپ کردیا گیاجبکہ سلیکٹرز نے شین واٹسن اور بین ہلفنہاس کو ون ڈے سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ دونوں ایک اور انجرڈ پلیئر پیٹ کمنز کیساتھ ٹوئنٹی 20 کیلیے دستیاب ہوں گے۔ 23 سالہ گلین میکسویل کو کائونٹی ٹوئنٹی 20 ایونٹ میں ہیمپشائر کی جانب سے عمدہ پرفارمنس پر منتخب کیا گیا،وہاں انھوں نے 59.33 کی ایوریج اور 178 کے اسٹرائیک ریٹ سے 178 رنز بنائے تھے، میکسویل کو آسٹریلوی ڈومیسٹک ون ڈے تاریخ میں تیز ترین ففٹی صرف 19 گیندوں پر اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اعلان کردہ ون ڈے اسکواڈ میں کپتان مائیکل کلارک، ڈیوڈ وارنر، میتھیو ویڈ،جارج بیلی، کالم فرگوسن، مائیک ہسی، ڈیوڈ ہسی، ڈینیئل کرسٹیان، اسٹیون اسمتھ، گلین میکسویل، مچل جونسن، زیویئر ڈہورٹی، جیمز پیٹنسن، کلنٹ میک کے اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔ ٹوئنٹی 20 اسکواڈ کپتان جارج بیلی، وارنر، واٹسن، ویڈ، ڈیوڈ ہسی، مائیک، کیمرون وائٹ، کرسٹیان، بریڈ ہوگ، ڈہورٹی، میک کے، اسٹارک، پیٹ کمنز اور بین ہلفنہاس پر مشتمل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں