ایم کیوایم اراکین پارلیمنٹ کا استعفے واپس لینے کا اعلان

حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر 5 رکنی شکایتی ازالہ کمیٹی پر بھی اتفاق ہوگیا۔


ویب ڈیسک October 09, 2015
حکومت اور ایم کیو ایم کے وفد کے درمیان مذاکرات پنجاب ہاؤس میں ہوئے فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد اراکین پارلیمنٹ کے استعفے واپس لینے کا اعلان کیاہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت اور ایم کیو ایم کے وفد کے درمیان پنجاب ہاؤس میں مذاکراتی عمل ہوا جس میں حکومت کی جانب سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیراطلاعات پرویز رشید موجود تھے۔ اس موقع پر فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم وفد نے اپنے تحفظات سے متعلق حکومتی ٹیم کو آگاہ کیا جب کہ حکومت نے یقین دلایا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی جائے گی جو ایم کیو ایم کی شکایات کا جائزہ لے گی۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کو تحریری شکل دی جائے گی جس پرحکومت کی جانب سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ایم کیو ایم کی جانب سے فاروق ستار دستخط کریں گے اور شکایات ازالہ کمیٹی آئندہ 7 روز کے دوران قائم کردی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شکایات ازالہ کمیٹی 5 نمائندوں پر مشتمل ہوگی جس میں وفاق کی جانب سے سیکرٹری داخلہ اور حکومت اور ایم کیو ایم کے 2،2 نمائندے شامل ہوں گے۔





دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سیاسی جماعت ہے جس نے پارلیمنٹ اور سندھ میں کردار اداکیا اس سے کسی کو انکار نہیں ہے جب کہ ایم کیو ایم کی شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی جس کے 5 رکن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی 90 دن میں شکایات کا ازالہ کرے گی اور جلد ازجلد اپنا کام شروع کرے گی جب کہ ایم کیوایم اراکان اپنے استعفے پیر کو سینیٹ سے واپس لے لیں گے اور قومی اسمبلی سے بھی ایم کیو ایم اراکین جلد استعفے واپس لے لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں