40 کالعدم تنظیموں کوکھالیں فنڈرجمع کرنے سے روکنے کی سفارش

خلاف ورزی پردہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاجائے،محکمہ انسداددہشتگردی

لسٹ میںشامل کسی تنظیم کوکھالیںاکھٹی نہیں کرنے دینگے،سینئرپولیس افسرراولپنڈی

کائونٹرٹیرارزم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گردی کی روک تھام اور دہشت گردتنظیموں کی فنڈریزنگ روکنے کے لیے تشکیل دی گئی بین الاقوامی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی پاکستان کے متعلق پائی جانے والی تشویش کے حوالے سے پنجاب حکومت اورپولیس سربراہ کوآگاہ کرتے ہوئے سفارشات ارسال کیںکہ ضلعی انتظامیہ اورپولیس کوپابند بنایاجائے کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم اورواچ لسٹ پرآنے والی تنظیموںکوفنڈزاکٹھا کرنے سے روکنے کے لیے موثر کارروائی کریں۔


خصوصاًعیدالاضحیٰ کے موقع پران تنظیموں کو قربانی کی کھالیں جمع کر نے سے سختی سے روکاجائے۔ ذرائع کے مطابق کائونڑ ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے آگاہ کیاکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اجلاس میںپاکستان کی جانب سے دہشتگردوںکے لیے فنانسنگ روکنے میں غیر موثر کوششوں کاسخت نوٹس لیا گیا۔ ڈپارٹمنٹ نے سفارش کی کہ وقت کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز، اضلاع کی پولیس اورضلعی انتظامیہ کالعدم تنظیموں اور عناصر کوفنڈزاکٹھاکرنے سے سختی سے روکاجائے، انھیں کھالیں اکٹھی کرنے کیلیے کیمپ لگانے سے بھی روکا جائے، خلاف ورزی پردہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس اوردیگراداروں کوارسال لسٹ میںتحریک طالبان پاکستان سمیت40 تنظیمیں اورخیراتی ادارے شامل ہیں۔ ایکسپریس سے گفتگومیں راولپنڈی پولیس کے سینئرآفیسرنے بتایاکہ ایسی تنظیموںسے سختی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے،لسٹ میںشامل کسی بھی تنظیم کو کیمپ قائم کرنے کی اجازت نہیںدی جائے گی۔
Load Next Story