سمندری آلودگی بڑھنے سے ماہی گیر بے روزگار ہونے لگے

سمندر میں آلودگی کے سبب وائٹ پمفرے، پمتوسمیت دیگر نایاب نسل کی مچھلیاں تقریباً ناپید ہوچکی ہیں


انعم مشکور October 10, 2015
فیکٹریوں اور صنعتوں سے نکلنے والے کیمیکل زدہ زہریلا فضلہ اور پانی سمندر میں شامل کیے جانے سے سمندری آبی حیات ختم ہورہی ہے۔ فوٹو : پی پی آئی

ISLAMABAD: کراچی کے ساحل پر بڑھتی آلودگی سے مچھلیاں ناپید ہونے لگی ہیں ، چھوٹے پیمانے پر مچھلی پکڑنے والے ماہی گیروں کیلیے شکار کرنا مشکل ہوگیا، سمندری آلودگی کے حوالے سے سروے کے دوران ماہرین نے بتایا ہے کہ سمندر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر سمندر میں 10 ناٹیکل میل کے اندر مچھلی ناپید ہوگئی ہے جو چھوٹے پیمانے پر مچھلی پکڑنے والے ماہی گیروں کے لیے سنگین معاشی مسئلہ بن گیا ہے ۔

سمندر میں آلودگی کے سبب وائٹ پمفرے، پمتوسمیت دیگر نایاب نسل کی مچھلیاں تقریباً ناپید ہوچکی ہیں، ملکی و غیر ملکی تنظیموں نے پاکستان کے ساحل پر بڑھتی ہوئی آلودگی کو سمندری آبی حیات کے لیے خطرناک قرار دیا ہے، ابراہیم حیدری کے ماہی گیر احسن نے بتایا ہے کہ گزشتہ 10 سال کے دوران کراچی کے ساحلی علاقوں میں مچھلی پکڑنے کے کام میں نمایاں کمی آگئی ہے بعض اوقات پورا دن سمندر میں جال بچھانے کے باوجود صرف کچرا حاصل ہوتا ہے، فیکٹریوں کا کیمیکل زدہ پانی اور سیوریج کا پانی اور بحری جہازوں سے بہنے والا تیل ٹنوں کے حساب کے سمندر برد کیے جانے کے باعث سمندری آلودگی بڑھ رہی ہے ۔

کیماڑی، شیری جناح کالونی، مچھر کالونی، لیاری اور صدر کا سیوریج کا پانی فلٹر کیے بغیر سمندر میں پھینکا جارہا ہے جس سے مچھلی سمیت دیگر سمندری آبی حیات ناپید ہوگئی ہے، ماہی گیروں کے مطابق گہرے سمندر میں بھی مچھلی پکڑنے کے لیے پورا دن انتظار میں گزرجاتا ہے مگر سمندر میں ٹنوں کے حساب سے کچڑا پھینکے جانے اور زہریلا پانی شامل ہونے سے مچھلی کا شکار دن بہ دن مشکل ہوتا جارہا ہے۔

جس کا براہ راست اثر ماہی گیروں کی معاشی زندگی پر بھی پڑ رہا ہے، کیماڑی تا منوڑہ کے کنارے بیٹھے ماہی گیر سمندر کا پانی سیاہ ہونے کے سبب مچھلی ناپید ہونے کی داستان سناتے ہیں، لیاری اور ملیر ندی کا 450 ایم جی ڈی سیوریج کا پانی فلٹر کیے بغیر روزانہ سمندر برد کیا جارہا ہے ، فیکٹریوں اور صنعتوں سے نکلنے والے کیمیکل زدہ زہریلا فضلہ اور پانی سمندر میں شامل کیے جانے سے سمندری آبی حیات ختم ہورہی ہے کراچی کے ساحل کا سیکڑوں کلومیٹر علاقہ ڈیڈ زون بن گیا ہے جس کی وجہ پاکستان سے مچھلی کی برآمدات میں بھی نمایاں کمی آرہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں