پاکستانی پلیئرزچھوٹی کرکٹ کی بڑی پوزیشنز کھونے لگے

آئی سی سی ٹوئنٹی20رینکنگ میں کوئی بھی بیٹسمین ٹاپ10میں جگہ نہ بنا سکا


Sports Desk October 10, 2015
بھارتی کوہلی نے نمبرون پوزیشن گنوا دی،آفریدی بولرز میں دسویں درجے پر براجمان فوٹو : فائل

پاکستانی بیٹسمین چھوٹی کرکٹ میں بڑی پوزیشنز کھونے لگے،نئی ورلڈ ٹی 20 رینکنگ میں کوئی بھی ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بناسکا، البتہ کپتان شاہد آفریدی بولرز میں دسویں درجے پر براجمان ہیں۔ ناقص فارم کے سبب بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی نے نمبرون پوزیشن گنوا دی،آسٹریلوی آرون فنچ بغیر کچھ کیے دوبارہ سرفہرست ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی نئی جاری کردہ ورلڈ ٹی 20کے ٹاپ ٹین بیٹسمینوںمیں کوئی پاکستانی موجود نہیں، احمد شہزاد 15، عمر اکمل17 اور محمد حفیظ24ویں نمبر پر موجود ہیں،بھارتی اسٹار ویرات کوہلی ایک قدم پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔

جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز میں ناقص کھیل کا خمیازہ انھیں نمبرون پوزیشن سے محرومی کی صورت میں بھگتنا پڑا، تنزلی نے انھیں دوسرے درجے پردھکیل دیا، آسٹریلوی بیٹسمین آرون فنچ ایک مرتبہ پھر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوگئے، انگلینڈ کے الیکس ہیلز تیسرے، جنوبی افریقی فاف ڈوپلیسی چوتھے، کرس گیل پانچویں، برینڈن میک کولم چھٹے، کوشل پریرا ساتویں، ایون مورگن آٹھویں، مارٹن گپٹل نویں اور ڈیوڈ وارنر دسویں نمبر پر ہیں، جنوبی افریقی بیٹسمین جین پال ڈومنی ترقی ملنے پر11ویں پوزیشن پانے میں کامیاب رہے۔

ابراہم ڈی ویلیئرز نے ترقی کی 5 سیڑھیاں طے کرتے ہوئے 34ویں پوزیشن حاصل کی۔ دوسری جانب بولنگ رینکنگ میں پاکستانی اسٹارشاہد آفریدی ٹاپ10 کے آخری رکن ہیں، ابتدائی پوزیشنز پر ویسٹ انڈین اسپنرز کا قبضہ ہے، سموئل بدری نے پہلے اور سنیل نارائن نے دوسرے نمبر پر قدم مضبوطی سے جمائے ہوئے ہیں، سری لنکا کے سچترا سینانائیکے تیسرے درجے پر موجود ہیں، بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے چوتھی پوزیشن سنبھالے رکھی، آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک پانچویں، بنگلہ دیشی اسپنر شکیب الحسن چھٹے، سری لنکن لسیتھ مالنگا ساتویں، کیوی اسپنر ناتھن میک کولم آٹھویں اور پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نویں پوزیشن پر موجود رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |