لندن اولمپکس 8 مشتبہ دہشت گردوں کے داخلے کا انکشاف

ایتھیلیٹس اور شائقین کی آمد شروع،2لاکھ37ہزارافراد پہنچ گئے،اولمپک ولیج اوپن


ایکسپریس July 17, 2012
ایتھیلیٹس اور شائقین کی آمد شروع،2لاکھ37ہزارافراد پہنچ گئے،اولمپک ولیج اوپن۔ فوٹو/فوئل

اولمپکس کے موقع پر لندن میں 8 مشتبہ دہشت گردوں کے داخلے کا انکشاف ہوا ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ پر ناتجربہ کار اسٹاف واچ لسٹ میں موجود لوگوں کو روک نہیں پایا، ادھر گیمز کیلیے ایتھیلیٹس اور شائقین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، پیر کو 2 لاکھ 37 ہزار مسافروں کی آمد ہوئی، اولمپک ولیج کے دروازے بھی ایتھلیٹس کیلیے کھول دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا نے انکشاف کیاکہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر ناتجربہ کار اسٹاف کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر 8 مشتبہ دہشتگرد لندن میں گھس آئے ہیں، ان میں سے پانچ افراد تو ایک ہی دن پہنچے، ان کے نام مشکوک دہشتگردوں کی واچ لسٹ میں شامل تھے، سینئر ایم پی پیٹرک میرسیر نے ہوم سیکریٹری تھریسا مے سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا جبکہ پولیس نے ان افراد کی تلاش شروع کردی۔ مشکوک افراد کی آمد کی اطلاعات کے باوجود لندن اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف سیباستین کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے سیکیورٹی انتظامات بہترین اور ہم اس معاملے میں کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی گارڈز یا دیگر آفیشلز کی تعداد سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ اصل اہمیت انتظامات کی ہوتی ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ گیمز محفوظ اور پُرامن ثابت ہوںگے۔

مقامی سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ اگر لندن گیمز کے دوران نائن الیون جیسی دہشتگردی کو دہرانے کی کوشش کی گئی تو وہ اسے بھی ناکام بنانے کیلیے تیار ہیں۔ دوسری جانب 27 جولائی سے شروع ہونے والے اولمپکس کیلیے شائقین اور ایتھلیٹس کی لندن آمد شروع ہوگئی پیر کے روز ہیتھرو ایئرپورٹ پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 37 ہزار مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی، اس میں 335 ایتھلیٹس شامل تھے، انھیں خصوصی طور پر مختص سڑک کے ذریعے اولمپک ولیج پہنچایا گیا جہاں پر مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کیلیے ان کے قومی پرچموں کے رنگوں سے سجے استقبالیہ بینر آویزاں ہیں، ولیج میں موجود دکانیں پہلے ہی کھولی جاچکی ہیں، ولیج میں پہنچنے والے ایتھلیٹس کا بوندا باندی نے استقبال کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں