کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی بھارتی اداکارہ ریکھا 61 برس کی ہوگئیں

اداکارہ نے بہترین اداکاری پرمتعدد ایوارڈز اپنے نام کیے بلکہ بھارت کی بہترین اداکارہ کہلانے کا بھی انہیں اعزاز حاصل ہے

اداکارہ نے بالی ووڈ میں اپنا فنی سفر کا آغاز1970 میں شروع کیا:فوٹو:فائل

اپنے دیومالائی حسن اور لازوال اداکاری کی بدولت کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی بھارتی اداکارہ ریکھا آ61 برس کی ہوگئیں۔

1954 میں بھارتی شہر چنئی میں تامل اداکار جیمین گنیشن اور تیلگو اداکارہ پشپاولی کے گھر پیدا ہونے والی بھانو ریکھا گنیشن ایک عام سی لڑکی تھی لیکن اس کے خواب عام سے نہ تھے، اداکاری اس کے خون میں شامل تھی جس نے اسے بالی وڈ میں وہ مقام دیا کہ اس کے لاکھوں مداحوں نے اپنی بیٹی کا نام''ریکھا'' رکھا۔ ماں باپ اداکار ہونے کے باوجود دیومالائی حسن کی مالک ریکھا نے بھارتی فلم نگری میں آسانی سے یہ قام حاصل نہیں کیا جس پر آج وہ بیٹھی ہیں، 1966 میں چائلڈ ایکٹر کی حیثیت سے انہوں نے تیلگو فلم''رنگولا رتنم'' سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا فلم کی کامیابی نے فلم نگری میں ان کے لئے دروازے کھول دیئے۔


ریکھا نے بالی ووڈ میں اپنا فنی سفر کا باقاعدہ آغاز 1970 میں ریلیز ہونے والی فلم ''ساون بھادوں '' سے شروع کیا لیکن ان کی فلمی زندگی میں 1981 میں بڑا موڑ آیا۔ جب ان کی بالی وڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کی گئی فلم ''سلسلہ'' نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھے لیکن اسی برس انہوں نے فلم ''امراؤ جان '' میں طوائف کا کردار ادا کیا اور اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا۔ یہ فلم ان کی زندگی میں بہت بڑا موڑ ثابت ہوئی اور اس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ریکھا نے اپنے کیرئیر کے دوران ایک سے بڑھ کر ایک سپر ہٹ فلمیں دیں، جن میں نمک حرام، مقدر کا سکندر، مسٹر نٹور لال، خوبصورت، سلسلہ، امراوٴ جان ادا ، گورا کالا ، کہانی قسمت کی ، دھرم کرم ، دھرماتما ، اتسو ،، پیار کی جیت ، پھول بنے انگارے ، کھلاڑیوں کا کھلاڑی اور کوئی مل گیا قابل ذکر رہیں۔ ریکھا کو ان کی اداکاری پر دو فلم فیئر ایوارڈز اور ایک مرتبہ نیشنل ایواڈر کے علاوہ لاتعداد اعزازات سے نوازا جاچکا ہے، فلمی دنیا میں ان کا سفر آج بھی جاری ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ بھارتی راجیہ سبھا کی بھی رکن ہیں۔

فلم نگری میں انتہائی کامیاب ہونے کے باوجود ان کی ذاتی زندگی دکھوں سے بھری ہوئی ہے، اپنے کیرئیر کے دوران ان کے متعدد اداکاروں کے ہمراہ اسکینڈل بھی بنے، ان کے امیتابھ بچن کے ساتھ عشق کے چرچے کئی دہائیاں گزر جانے کے بعد آج بھی زبان زد عام ہیں۔ ان کا معاشقہ فلم اداکار ونود مہرا کے ساتھ بھی رہا تاہم انہوں نے 1990میں دہلی کے ایک تاجر مکیش اگروال سے شادی کی لیکن ایک سال بعد ہی مکیش نے خودکشی کرلی۔اداکارہ نے بہترین اداکاری پرمتعدد ایوارڈز اپنے نام کیے بلکہ بھارت کی بہترین اداکارہ کہلانے کا بھی انہیں اعزاز حاصل ہے۔
Load Next Story