این اے 122 اور 144 میں ضمنی انتخاب کا میدان آج سجے گا تیاریاں مکمل

الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے صوبائی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا۔


ویب ڈیسک October 10, 2015
الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے مرکزی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا. فوٹو:فائل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 لاہور اور این 144 اوکاڑہ میں ضمنی انتخاب آج ہوگا جس کے لئے الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے جب کہ دونوں نشستوں پر ہونے والے انتخاب کے لئے پولنگ اسٹیشنز کا کنٹرول فوج نے سنبھال لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اور 144 میں کل ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے انتخابی مواد فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیا گیا ہے جہاں فوج نے کنٹرول سنبھال لیا جب کہ الیکشن کمیشن نے بھی پولنگ کے روز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لینے کی ہدایت کی ہے۔

انتخابی لحاظ سے اہمیت کے حامل این اے 122 لاہور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف آمنے سامنے ہیں جب کہ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 47 ہزار 762 ہے جن کے لئے 284 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 134 مردانہ اور اتنے ہی زنانہ پولنگ اسٹیشنز ہیں جب کہ پولنگ بوتھ کی مجموعی تعداد 673 ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے مرکزی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیاجس کی نگرانی صوبائی چیف الیکشن کمشنر کریں گے جب کہ اسلام آباد میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کی نگرانی خود چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کنٹرول رومز میں مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری رہے گا جب کہ چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی آر او اور متعلقہ اداروں کو پولنگ کے روز الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب این اے 144 اوکاڑہ 2 میں بھی ضمنی انتخاب آج ہوگا جہاں مسلم لیگ (ن) کے علی عارف چوہدری اور آزاد امیدوار چوہدری ریاض کے درمیان مقابلہ ہوگا جب کہ آج ہی پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 میں آج ہونے والے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ کے امیدوار محسن لطیف، تحریک انصاف کے شعیب صدیقی اور پیپلز پارٹی کے افتخار شاہد مدمقابل ہوں گے۔

واضح رہے کہ این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق، تحریک انصاف کے علیم خان اور پیپلزپارٹی کے عامر حسین میدان میں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں