کس کے دل میں کس کا خوف

ہولی وڈ اسٹارز کے عجیب وغریب ڈر


نرگس ارشد رضا October 11, 2015
ہولی وڈ اسٹارز کے عجیب وغریب ڈر ۔ فوٹو : فائل

دنیائے فلم کی سب سے بڑی انڈسٹری ہالی وڈ کے اسٹارز کی پوری دنیا ہی دیوانی ہے۔ یہ اسٹارز بھی اپنی مقبولیت سے بہ خوبی آگاہ ہوتے ہیں اس لیے اپنے بارے میں بات کرنے میں کبھی گھبراتے نہیں لیکن بہت کم ایسے اسٹارز بھی ہیں جو اپنی ذاتیات کو صرف اپنے تک محدود رکھنا پسند کرتے ہیں، لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جو اپنے بارے میں بتاکر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ ہالی وڈ کے چند مایہ ناز اور نام ور فن کاروں نے اپنے اس ڈر یا فوبیا کا ذکر کیا جس میں مبتلا ہوجانے کے باعث وہ اپنی کئی چیزوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

٭کیٹ ونسلٹ: ہالی وڈ کی فلم ٹائیٹنک سے پوری دنیا میں شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کیٹ کی یہ بدقسمتی رہی کہ اتنی کام یاب فلم کرنے کے بعد بھی وہ آسکر ایوارڈ سے محروم رہی اور یہ اس کی زندگی کا سب سے بڑ ا دکھ ہے۔ یہ ہالی وڈ اسٹار ایک خوف میں بچپن سے بری طرح مبتلا ہے اور وہ خوف فلائنگ کا ہے۔ کیٹ فلائنگ سے ہمیشہ خوف زدہ رہتی ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنا زیادہ تر سفر ٹرین سے کریں، اگر انہیں بیرون ملک جانا پڑ جائے تو بہت سی احتیاطی تدابیر کے ساتھ وہ اپنے ڈر کو بھی ساتھ لے جاتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ہوائی سفر اسے ہمیشہ سے ہی خوف میں جکڑے ہوئے ہے۔ وہ نہیں چاہتی کہ اس کی موت ہوا میں ہو کہ اس کے جسم کے ٹکڑے فضا میں بکھر جائیں موت کا خوف اسے اس سے سفر سے روکتا ہے۔

٭بروس ولز: 1955کو پیدا ہونے والے والٹر بروس ولس جرمن نژاد امریکن اداکار اور سنگر اسی کی دہائی کے کام یاب ترین ایکٹر سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے ہالی وڈ میں کئی فلموں میں مرکزی اور سپورٹنگ رول بڑی کام یابی سے کیے اور شہرت حاصل کی۔ ان کے کریڈٹ پر چند اچھی ایکشن موویز بھی ہیں اور انہیں ایکشن فلموں کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔

آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ بروس بچپن ہی سے ہکلانے کی بیماری میں مبتلا تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی اس خامی پر قابو تو پالیا لیکن ان کا سب سے بڑا خوف اب بھی یہ ہے کہ وہ لوگوں کا سامنا نہیں کرسکتے اور نہ ہی لوگوں کے سامنے بڑے اعتماد سے بات چیت کر سکتے ہیں۔ انہیں اس بات کا خوف ہے کہ کہیں بات کرنے کے دوران اچانک ان کی یہ پرانی بیماری ان پر حملہ نہ کر دے اس لیے وہ لوگوں میں گھلنے ملنے سے کتراتے ہیں۔

٭رووان ایٹنکسن : مزاحیہ سٹ کام مسٹر بین سے پوری دنیا میں شہرت پانے والے اداکار رووان بچوں اور بڑوں سب کے پسندیدہ ترین ایکٹر ہیں۔ 1955کو برطانیہ میں پیدا ہونے والے رووان ایک کام یاب ایکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ اسکرپٹ رائٹر اور پرڈیوسر بھی ہیں۔ برطانوی ٹی وی سے ایک لمبے عرصے تک چلنے والی کامیڈی سیریز نے انہیں برطانیہ کے پچاس کام یاب ترین کامیڈینز کی فہرست میں کھڑا کر دیا ہے۔

مسٹر بین میں ان کے چہرے اور جسمانی حرکات اور تاثرات کے ساتھ جان دار اداکاری پر انہیں لوگوں نے The man with the rubber faceکا خطاب بھی دیا۔ یہ بات تو تقریباً سب ہی جانتے ہیں کہ مسٹر بین یا ان کی دیگر موویز میں ان کے ڈائلاگز ہمیشہ کم ہی رکھے جاتے تھے۔ اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ رووان بھی ہکلانے کی بیماری میں مبتلا ہیں اور اسی بیماری کے خوف کی وجہ سے ہی وہ پبلک اپیئرنس سے خوف زدہ رہتے ہیں۔

٭جولیا رابرٹس: اکیڈیمی ایوارڈ ونر اداکارہ جولیا 1967میں پیدا ہوئیں اور ان کا شمار ہولی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ایکٹرسز میں کیا جاتا ہے۔ جولیا نے اپنے کام کے حوالے سے ہمیشہ متاثر کیا اور ہر فلم میں مختلف کرداروں میں خود کو ڈھال لیا۔ اداکاری سے پہلے جولیا ایک کام یاب فیشن ماڈل بھی رہ چکی ہیں۔

جولیا کا سب سے بڑا خوف سمندری جانور ہیں۔ اس لیے وہ سمندر میں تیراکی کے خلاف ہیں۔ بہ حالت مجبوری کسی فلم کے کوئی ایسا سین کرنا پڑ جائے تب جولیا کے لیے مصنوعی طور پر سمندر تیار کیا جاتا ہے۔ ان کا یہ خوف اب کا نہیں بلکہ ان کے بچپن ہی سے یہ ڈر ان کے ساتھ ہے۔ اس وقت جب وہ صرف دس سال کی تھیں۔ تیراکی کے دوران ایک سمندری جانور نے ان کے پنڈلی پر کاٹ لیا تھا۔ تب سے اب تک وہ اس خوف سے باہر نہیں نکل پائی ہیں۔

٭رچرڈ گرے: ہولی وڈ اداکار رچرڈ گرے نے فلم پریٹی وومن سے شہرت حاصل کی اور بعدازاں کئی کام یاب فلموں میں کام کیا۔ رچرڈ کو ہولی وڈ کا ایک سوبر اور ڈیسنٹ اداکار کہا جاتا ہے۔ ساتھ ساتھ ان کا شمار خوش لباس ایکٹرز میں بھی کیا جاتا ہے۔ ان کی خوش لباسی کئی لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔

یہ ہینڈسم اداکار بھی اندھیرے کے خوف میں مبتلا رہتے ہیں، کیوںکہ انہیں اندھیرے سے ڈر محسوس ہوتا ہے۔ اس لیے یہ رات کو سوتے وقت بھی زیرو پاور بلب کے بجائے مکمل روشنی میں سونا پسند کرتے ہیں۔ اسی طر ح انہیں رات کو سفر کرنے سے بھی خوف محسوس ہوتا ہے۔ اس لیے وہ کبھی تنہا سفر نہیں کرتے۔

٭کرسٹینا رکی: ہولی وڈ کی اس خوب رو اداکارہ کو گھر میں رکھے جانے والے پودوں سے خوف محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گھر میں ان کی مکمل صفائی اور دیکھ بھال ممکن نہیں ہو سکتی اور یہ جلدی گندے اور بدنما ہو جاتے ہیں۔ اس لیے میں ان ڈور پلانٹس کے خلاف ہوں۔ انہیں چھونے سے مجھے خوف آتا ہے میں انہیں ہاتھ نہی لگا سکتی کہ میں کسی قسم کے انفیکشن کا شکار نہ ہوجاؤں اس لیے میرے گھر میں ان ڈرو پلانٹس نہیں ہیں۔

٭میتھو: اس اداکار کو شاپنگ مالز اور فائیواسٹار ہوٹلز اور ایسی ہی دوسری جگہوں پر انٹرنس کے ریوالنگ ڈور سے ڈر محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ایسے دروازوں سے داخل ہونے سے مکمل احتیاط کرتا ہوں۔ مجھے اس بات کا خوف رہتا ہے کہ میں ایسے دروازوں سے نکلتے وقت کنفیوژن کا شکار نہ ہوجاؤں اور پبلک میں میرا تماشا نہ بن جائے۔

٭پامیلا اینڈرسن: ٹی وی سیریز بے واچ سے اپنے بے باک اور بولڈ انداز سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ پامیلا خود اپنی ہی ذات سے خوف زدہ رہتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں اس فوبیا میں مبتلا ہوں کہ میں شیشہ دیکھنا پسند نہیں کرتی اور نہ ہی اپنے آپ کو ٹی وی اسکرین پر دیکھتی ہوں۔ اپنے اس خوف یا فوبیا سے میں خود بھی عاجز ہوں، لیکن میں اس سے چھٹکارہ بھی نہیں پا سکتی، اگر کبھی مجھے اپنے چہرہ اسکرین پر اچانک نظر بھی آجائے تو میں ٹی وی آف کر دیتی ہوں یا پھر کمرے سے چلی جاتی ہوں۔ یہ میرا بڑا عجیب و غریب قسم کا خوف ہے۔

٭جیک گیلن ہال: فلم دا پرنس آف پرشیا سے شہرت پانے والے اداکار جیک بھی ایک عجیب قسم کے خوف میں مبتلا ہیں۔ انہیں شتر مرغ سے بے تحاشہ خوف محسوس ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ اس کی آواز سن کر بھی خوف کی وجہ سے ان کی آنکھوں سے پانی نکلنا شروع ہو جاتا ہے اور دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے۔

٭بریڈ پٹ: بریڈپٹ کی وجہ شہرت ایک اچھے اداکار کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان کی بھی ہے۔ وہ جتنے اچھے ایکٹر ہیں اس سے کہیں بڑھ کر نرم مزاج اور اچھے انسان ہیں۔ بریڈ کی مقبولیت کی ایک وجہ انجلینا جولی بھی ہیں۔ تاہم جولی کے حوالے سے بھی مشہور ہونا بریڈ کو برا نہیں لگتا۔

اس بڑے اسٹار کو بھی کچھ باتوں کا فوبیا یا خوف ہے کہ وہ پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتے ۔ Empire magazineمیگزین سے گفتگو کرتے ہوئے بریڈ کا کہنا تھا کہ اگر وہ گھر سے نکل گئے ہیں اور اچانک انہیں یا د آیا کہ وہ اپنی کوئی اہم چیز ساتھ لینا بھول گئے ہیں تو کبھی پلٹ کر واپس گھر میں داخل نہیں ہوں گے۔ وہ کہتے ہیں،''بالکل اسی طرح اگر میں ڈرائیو کر رہا ہوں اور ٹرن لینا بھول گیا ہوں تو دوبارہ کبھی گاڑی کو ریورس نہیں کروں گا اور آگے بڑھ جاؤں گا میرے خیال میں یہ کوئی خوف نہیں بل کہ میرے ساتھ کوئی نہ کوئی نفسیاتی مسئلہ ہے۔

٭ریحانہ : سنگر ریحانہ سمندری جانوروں سے خوف کھاتی ہیں۔ یہاں تک ننھی مُنی مچھلیاں بھی ان کے ڈر میں اضافہ کا سبب بنتی ہیں۔ میوزک میگزین بلینڈر میں ایک دیے گئے انٹرویو میں ریحانہ کا کہنا تھا کہ ایک بار میں پانی میں تھی اور سوئمنگ کر رہی تھی۔ سمندر کا پانی نیلا اور صاف وشفاف تھا اور اس میں مجھے چھوٹی مچھلیاں بھی صاف دکھائی دے رہی تھیں۔ یہ ہزاروں مچھلیاں میرے پیروں کے اردگرد گھوم رہی تھیں۔ یکدم مجھے ان سے خوف محسوس ہوا اور اتنی خوف زدہ ہوئی کہ بے ہوش گئی۔ میرے ساتھیوں نے مجھے باہر نکالا تھا۔ اس دن سے میں ہر قسم کے سمندری جانور سے ڈر جاتی ہوں اور پانی کے قریب بھی نہیں جاتی۔

٭شینن ایلزبتھ: امریکن پائی کی اسٹار اداکارہ شینن کو مرغیوں سے خوف محسوس ہوتا ہے۔ اس لیے وہ ایسی میٹ مارکیٹ کے قریب سے بھی گزرنا پسند نہیں کرتی جہاں مرغیاں دست یاب ہوں۔ ایک دل چسپ بات یہ ہے کہ ایلزبتھ کسی قسم کی چکن ڈش کھانے سے بھی گریز کرتی ہے۔

٭برٹنی اسپیئرز: پاپ اسٹار سنگر برٹنی اسپیئرز کو چھپکلیوں سے خوف آتا ہے اور جہاں کہیں ان کو چھپکلی نظر آجائے وہ وہاں سے فوراً بھاگ جاتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چھپکلی کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے وہ ان کے جسم پر رینگ رہی ہو۔

٭میٹ ڈیمنMatt Damon: اس ہولی وڈ اسٹار کو سانپوں سے انتہا سے زیادہ خوف محسوس ہوتا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹی وی اور اخبار یا کسی میگزین میں بھی اگر سانپ کی کوئی تصویر دیکھ لیں تو انہیں رات بھر خوف کی وجہ سے نیند ہی نہیں آتی۔

٭نومی واٹسNaomi Watts: ایکٹرس نومی کو سمندری لہروں سے بے پناہ خوف محسوس ہوتا ہے۔ پیپلز میگزین کو ایک انٹرویو میں نومی نے بتایا کہ جب وہ چودہ سال کی تھیں تب سوئمنگ کرتے ہوئے وہ اپنا توازن کھو بیٹھیں اور سمندر کی لہریں انہیں کہیں سے کہیں لے جارہی تھیں کہ ریسیکو نے بچالیا۔ وہ کہتی ہیں کہ اس دن سے میں سمندری پانی سے ڈرتی ہوں اور اس کی شوریدہ لہریں دیکھ کر مجھے ان جانے خوف کا احساس ہونے لگتا ہے۔

٭میڈونا: سنگر اور پاپ اسٹار میڈونا کو طوفان سے، خواہ وہ پانی کا ہو یا ہوا کا، انتہائی خوف محسوس ہوتا ہے۔

٭جونی ڈیپ: پائریٹس آف کریبیئن کی ہٹ سیریز سے شہرت پانے والے اداکار جونی ڈیپ کو جوکر سے خوف محسوس ہوتا ہے، خواہ وہ کسی بھی قسم کا ہو۔

٭جینفیر آسٹن: ایکٹرس جینفرآسٹن کو ہوائی سفر سے خوف محسوس ہوتا ہے اور وہ کوشش کرتی ہیں کہ انہیں کم سے کم یہ سفر کرنا پڑے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں