شہرکوجرائم پیشہ عناصرکے رحم وکرم پرچھوڑ دیا گیا تاجربرادری

تاجروںکے وفدکی رابطہ کمیٹی سے ملاقات،بڑھتی ہوئی بدامنی پرتشویش سے آگاہ کردیا

تاجروںکے وفدکی رابطہ کمیٹی سے ملاقات،بڑھتی ہوئی بدامنی پرتشویش سے آگاہ کردیا. فوٹو: فائل

تاجروں کے نمائندہ وفدنے گزشتہ روزخورشیدبیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادمیں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اورشہرمیں بھتہ خوری،اغوابرائے تاوان چوری، ڈکیتی اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرگہری تشویش کااظہارکیا۔


ملاقات میں تاجروں کے وفدنے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی ملک کامعاشی حب اورملک کی معاشی شہ رگ ہے تاہم یہاں قتل وغارتگری، اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرقابو پانے کیلیے کوئی عملی اقدامات دکھائی نہیں دے رہی اورایسا محسوس ہوتاہے کہ شہر کی ترقی و خوشحالی اور ملک کے تاجروصنعتکار طبقے سمیت تمام افرادکوجرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پرچھوڑ دیا گیاہے۔وفد نے ایم کیوایم کی جانب سے کراچی میں قیام امن اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف واضح اورٹھوس مؤقف اختیار کرنے پرالطاف حسین کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں،بھتہ خوری ، اغوابرائے تاوان ، لوٹ مار،قتل وغارتگری میں ملوث جرائم پیشہ عناصرسے تاجروں، صنعتکاروں اوردکانداروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت و انتظامیہ کی اولین ذمے داری ہے۔رابطہ کمیٹی نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت کارروائی کے تاجروں کے مؤقف کی تائید کی اورکہاکہ ایم کیوایم پہلے بھی تاجرطبقے کے ساتھ تھی اوراب بھی تاجر برادری کوتنہانہیں چھوڑے گی۔
Load Next Story