بلدیاتی الیکشن پہلی بار نوجوانوں کیلیے مخصوص نشستیں مختص

عمر کی حد21تا 25سال،یونین کونسل و یونین کمیٹی کی سطح پر نوجوانوں کے لیے ایک نشست مخصوص کی گئی ہے


Syed Ashraf Ali October 11, 2015
سندھ میں بلدیاتی سطح پرنوجوانوں کو پہلی بار اہمیت دی گئی، ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی، نوجوان مقامی قیادت کو سیاست میں آگے آنے کا موقع ملے گا فوٹو:فائل

سندھ کی بلدیاتی تاریخ میں پہلی بار مقامی حکومتوں کے انتخابات میں نوجوانوں کیلیے مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں جس کے ذریعے جمہوریت کی نرسری سے نوجوان مقامی قیادت کو سیاست میں آگے آنے کا موقع ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں6سال کی تاخیر کے بعد بلدیاتی انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں تاہم صوبائی حکومت نے ایک اچھی روایت کی داغ بیل ڈال دی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، بلدیاتی انتخابات میں کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کی مخصوص نشستوں پر نوجوانوں کیلیے کوٹہ مقرر کردیا گیا ہے جس پر بالواسطہ انتخابات منعقد ہوں گے۔

سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 کے تحت یونین کونسل و یونین کمیٹی کی سطح پر نوجوانوں کیلیے ایک نشست مخصوص کی گئی ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنوں اور دیگر بلدیاتی اداروں میں5فیصد نشستیں نوجوانوں کیلیے مخصوص کی گئی ہیں، نوجوانوں کیلیے مخصوص نشست پر بالواسطہ انتخابات ہوں گے، عمر کی حد 21تا 25سال ہوگی۔

سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے تحت یونین کونسل اور یونین کمیٹی کی سطح پر ایک نشست نوجوانوں کیلیے مخصوص کی گئی ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی، کراچی کی 6ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنوں، ڈسٹرکٹ کونسل، میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز میں 5فیصد نوجوانوں کیلیے نشستیں مخصوص کی گئی ہیں، بلدیاتی امور کے ماہرین کے مطابق 1960کے لوکل آرڈیننس، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1979ء اور سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس2001میں نوجوانوں کیلیے کوئی نشست مخصوص نہیں کی گئی تھی۔

سندھ میں بلدیاتی سطح پر یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ نوجوانوں کواہمیت دی گئی ہے اور ان کیلیے نشستیں رکھی گئی ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل میں نوجوانوں کیلیے 10نشستیں مخصوص ہیں، کراچی کی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز ویسٹ (بلدیہ غربی) میں2، بلدیہ جنوبی میں2، بلدیہ وسطی میں 3،بلدیہ شرقی میں 2بلدیہ کورنگی میں2بلدیہ ملیر میں ایک اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں2نشستیں نوجوانوں کیلیے مخصوص رکھی گئی۔

کراچی میں یونین کونسل و یونین کمیٹی کی سطح پر نوجوانوں کی نشستوں کی مجموعی تعداد244ہے، ضلع غربی کی یونین کونسلوں میں نوجوانوں کی6نشستیں اور یونین کمیٹیز میں46ہوں گی، ضلع جنوبی کی یونین کمیٹیز میں 31، وسطی میں 51، شرقی میں31، کورنگی میں37، ضلع ملیر کی یونین کونسلوں میں32اور یونین کمیٹیز میں نوجوانوں کی نشستوں کی تعداد13ہے،مخصوں نشستوں پر نوجوان امیدوار کی عمر کی کم ازکم حد 21 سال اور زیادہ سے زیادہ 25سال رکھی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |