ریویو کمیٹی کل بلال آصف کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لے گی

آف اسپنر کا بائیو مکینک ٹیسٹ 19یا20اکتوبر کو کرانے کا امکان، چنئی اولین ترجیح


Sports Reporter October 11, 2015
آف اسپنر کا بائیو مکینک ٹیسٹ 19یا20اکتوبر کو کرانے کا امکان، چنئی اولین ترجیح فوٹو:فائل

پی سی بی کی ریویو کمیٹی پیر کو بلال آصف کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لے گی۔

آف اسپنر کا بائیو مکینک ٹیسٹ 19 یا 20 اکتوبر کو کرانے کا امکان ہے، پی سی بی کی پہلی ترجیح چنئی لیب ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے سے ون ڈے سیریز کے5اکتوبر کو کھیلے جانے والے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں بلال آصف نے تباہی پھیلاتے ہوئے صرف 25رنز کے عوض 5بیٹسمین ڈھیر کردیے تھے۔

اننگز کا بہترین آغاز کرنے والی میزبان ٹیم کو ان کی آف اسپن اور کیرم بال بالکل سمجھ میں نہیں آئی، مقابلے کے اختتام پر فیلڈ امپائرز نے بلال آصف کی 8گیندوں پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے میچ ریفری کو رپورٹ کردی، ویڈیو دیکھنے کے بعد ٹیم منیجر انتخاب عالم کو باضابطہ اطلاع دی گئی کہ بلال کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیدیا گیا ہے، قواعدو ضوابط کے مطابق آف اسپنر کو2ہفتے میں آئی سی سی کی منظور کردہ بائیو مکینک لیب میں ٹیسٹ کیلیے جانا ہے۔

اگر بازو کا خم 15ڈگری کی قانونی حد سے زیادہ پایا گیا تو انھیں ایکشن کی اصلاح کے بعد ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کی اجازت ملے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی بولنگ کی روک تھام کیلیے بنائی جانے والی پی سی بی کی ریویو کمیٹی پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلال آصف کے ایکشن کا جائزہ لے گی، مسائل کا اندازہ کرنے کے بعد ان کا بائیو مکینک ٹیسٹ 19 یا 20اکتوبر کو کرانے کا امکان ہے، پی سی بی کی پہلی ترجیح چنئی کی لیب ہوگی، دوسری صورت میں لفبرا، انگلینڈ میں ٹیسٹ کرانے کی درخواست کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں